0
Saturday 3 Feb 2018 22:57

فلسطین فاؤنڈیشن، سول سوسائٹی اور یوتھ تنظیموں کا مشترکہ طور پر یوم کشمیر منانے کا اعلان

فلسطین فاؤنڈیشن، سول سوسائٹی اور یوتھ تنظیموں کا مشترکہ طور پر یوم کشمیر منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان سول سوسائٹی اور یوتھ تنظیموں کے تعاون سے 4 فروری کو یکجہتی کشمیر و فلسطین ریلی کا انعقاد کرے گی، یکجہتی کشمیر و فلسطین ریلی کراچی پریس کلب سے اتوار 4 فروری کو نکالی جائے گی جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت سول سوسائٹی کے اراکین، سماجی رہنما، انسانی حقوق کی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلباء تنظیموں سمیت یوتھ تنظیموں کے سرکردہ رہنما شریک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنما رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم اور سول سوسائٹی و یوتھ تنظیموں کے سرکردہ رہنماؤں بشمول نیشنل اسمبلی آف پاکستان برائے یوتھ کے چیئرمین آغا شیرازی، ایم کیو ایم پاکستان یوتھ افئیرز کے انچارج خواجہ بلال منصور، ایمیٹی انٹرنینشل کے صدر عمران شہزاد، آئی ایس او کے رہنما محمد عباس، اے پی ایم ایس او کے سینئر رہنما بلال حسین، ذیشان حیدر، وحدت یوتھ پاکستان کے کاظم عباس، شاہین پاکستان کے اویس قادری، اسٹوڈنٹس فاؤنڈیشن کی سربراہ انعم میمن، معروف سماجی رہنما عدنان کوڈیا، جناح کا پاکستان کے صدر مظہر احمد خان اور دیگر نے یوم کشمیر کی مناسبت سے کراچی پریس کلب پر منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

طلباء و یوتھ تنظیموں کے رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر و مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونیوں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیر و فلسطین میں انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طلباء اور جوان بیدار ہیں اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم عوام کو کسی بھی صورت اسرائیلی اور بھارتی جارحیت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور بھارت پاکستان کے کھلے دشمن ہیں اور پاکستان کے نوجوان دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی طرف توہین آمیز رویہ اور اٹھنے والی میلی آنکھ کو پھوڑ دیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریان کراچی سے اپیل کی کہ وہ چار فروری اتوار کو کراچی پریس کلب سے نکالی جانے والی یکجہتی کشمیر و فلسطین ریلی میں بھرپور تعداد میں شریک ہوں اور یوم کشمیر کے موقع پر کشمیر و فلسطین کے مظلوم اقوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ثبوت دیں۔
خبر کا کوڈ : 702008
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش