0
Monday 5 Feb 2018 15:59
اسوقت پوری دنیا میں اسلامی ممالک دہشتگردی کا شکار ہیں، جسکا سبب امریکہ اور اسکے حواری ہیں

ملتان، بشارت عظمٰی کانفرنس، مقامی علمائے کرام کی بڑی تعداد میں شرکت، قائدین میں سے علامہ تقی نقوی شریک

متحدہ مجلس عمل کا پلیٹ فارم پاکستان کی عوام کیلئے ایک نعمت خداوندی ہے
ملتان، بشارت عظمٰی کانفرنس، مقامی علمائے کرام کی بڑی تعداد میں شرکت، قائدین میں سے علامہ تقی نقوی شریک
اسلام ٹائمز۔ وفاق علماء شیعہ پاکستان ملتان کے زیراہتمام پاکستان میں عزاداری امام حسین علیہ السلام میں حائل رکاوٹوں، بے جا پابندیوں، عزاداری کو روکنے کے لئے کارکنان کی گرفتاریوں اور ملکی مسائل کے حل کے لئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سینیئر نائب صدر علامہ سید محمد تقی نقوی کی زیرصدارت بشارت عظمٰی کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علماء کرام اور ذاکرین کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سینیئر نائب صدر علامہ سید محمد تقی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں مسلمانوں کے حالات اس نہج پر پہنچا دیئے گئے کہ انہیں علیحدہ مملکت کا مطالبہ کرنا پڑا، جس کے نتیجہ میں پاکستان کا وجود عمل میں آیا، لیکن ایک سازش کے تحت پاکستان کے وجود کو نقصان پہنچانے کے لئے کئی حربے استعمال کئے گئے۔ دہشت گردی بھی اسی سازش کا حصہ تھی، جس کے ذریعے پاکستان میں بسنے والوں کو فرقہ واریت کے نام پر لڑایا گیا، اسی دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کی بقاء اور سالمیت کو دائو پر لگانے کی کوشش کی گئی۔ ملت جعفریہ کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، لیکن ہم نے پاکستان سے محبت کا اظہار کیا اور دہشت گردی کی ہمیشہ نفی کی، ہم نے پاکستان میں بڑھتے ہوئے قومی مسائل کو اجاگر کیا اور ان کے حل کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، پاکستان کی سیاست میں بھی ہم نے اتحاد و وحدت کو رواج دیا، جس کے نتیجے میں متحدہ مجلس عمل وجود میں آئی، آج ہم اسی پلیٹ فارم سے پاکستان کی سیاست میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، متحدہ مجلس عمل کا پلیٹ فارم پاکستان کی عوام کیلئے ایک نعمت خداوندی ہے، اس کی قدر کرنا ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں، ہم اپنی قیادت علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر متحدہ مجلس عمل کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کردار اور گفتار سے اس ملک سے فرقہ واریت کا خاتمہ اور دہشت گردی میں کمی آئی، ہم نے ایران عراق جانیوالے زائرین کے بیشمار مسائل پر آواز اٹھائی، جس کے نتیجہ میں زائرین کے مسائل کیلئے کمیٹی بن چکی ہے، اس وقت پوری دنیا میں اسلامی ممالک دہشت گردی کا شکار ہیں، جس کا سبب امریکہ اور اس کے حواری ہیں، ہم دنیا میں چلنے والی اسلامی تحریکوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران صرف اور صرف اپنی حکومت بچانے میں رہتے ہیں، عوامی مسائل کو حکمران اپنے آپ سے دور رکھتے ہیں، ہم اس ملک میں روز بڑھنے والی مہنگائی اور آئے روز پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو رد کرتے ہیں، حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرے، گذشتہ دنوں ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونیوالی دہشتگردی اس بات کا ثبوت ہے کہ ابھی دہشتگرد ملک میں موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں آمدہ الیکشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ کانفرنس سے علامہ محمد افضل حیدری، مولانا امداد حسین صابری، مولانا قاضی شبیر حسین علوی، مولانا محمد تحسین ملک، مولانا اختر حسین نسیم، مولانا اظہر عباس شیرازی، مولانا عامر ہمدانی، مولانا موسٰی رضا جسکانی، سید تنویر الکاظم گیلانی، قاری غلام رسول، مزین عباس چاون، سید محمد شاہ، بشارت عباس قریشی، مولانا کاشف ظہور نے خطاب کیا جبکہ کامران حیدر، سید معصوم امن گیلانی، ذیشان حیدر شمسی، یاسر علی صدیقی و دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 702421
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش