0
Friday 9 Feb 2018 20:00

سازش کے تحت فرقہ واریت کو ہوا دیکر ملک میں امن و امان کی فضا خراب کی جا رہی ہے، علامہ رمضان توقیر

سازش کے تحت فرقہ واریت کو ہوا دیکر ملک میں امن و امان کی فضا خراب کی جا رہی ہے، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں صوبائی حکومت کی غفلت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی نااہلی قرار دیا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات پنجاب پروفیسر ذوالفقار حیدر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ضرب عضب اور آپریشن ردّالفساد بھی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں، شرپسند عناصر جب چاہیں آکر دہشتگردی کرکے چلے جاتے ہیں، عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، ڈی آئی خان اور لکی مروت میں ٹارگٹ کلنگ کے پے در پے واقعات پر علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ ملک میں ایک سازش کے تحت فرقہ واریت کو ہوا دیکر ملک میں امن و امان کی فضا خراب کی جا رہی ہے، جبکہ حکمرانوں کی جانب سے ابھی تک کوئی قاتل دہشتگرد گرفتار نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت امریکہ، اسرائیل اور انڈیا پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے اور ایک مخصوص تکفیری گروہ ان کا آلہ کار بنا ہوا ہے، مگر تمام شیعہ سنی مسلمان وحدت و اتحاد سے اسے ناکام بنانے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، کیونکہ انہوں نے فقہی اختلافات کے باوجود اتحاد بین المسلمین کا بھرپور عملی مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو کمزور کرنے کی مکروہ کوشش ناکام بنا دی ہے۔ انہوں اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں جتنی بھی قربانی دینی پڑے، ہم پاکستان کو غیروں کی سازش کا نشانہ نہیں بننے دینگے۔ علامہ رمضان توقیر نے صوبہ خیبر پختونخوا حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مطالبہ کیا کہ ڈی آئی خان اور لکی مروت میں ٹارگٹ کلرز اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے تختہ دار پر لٹکایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 703500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش