0
Saturday 7 May 2011 20:29

پاکستان یا امریکہ کی 52ویں ریاست؟ڈرون حملے بدستور جاری، 18 افراد ہلاک، متعدد زخمی، حکمرانوں کی صرف دکھاوے کی مذمت

پاکستان یا امریکہ کی 52ویں ریاست؟ڈرون حملے بدستور جاری، 18 افراد ہلاک، متعدد زخمی، حکمرانوں کی صرف دکھاوے کی مذمت
پشاور:اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی جاسوس طیاروں کے میزائل حملے میں اٹھارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ القاعدہ کے رہنماء اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد یہ پہلا میزائل حملہ ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کو شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی جاسوس طیاروں نے ایک مکان اور گاڑی پر یکے بعد دیگر آٹھ میزائل فائر کیے، جس کے نتیجے میں اٹھارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ حملے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔ 
مقامی افراد کے مطابق مکان کے ملبے تلے مزید افراد کی لاشیں موجود ہونے کا خدشہ ہے۔ حملوں کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی نجی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال حکام کے مطابق زخمیوں میں چارافراد کی حالت تشویشناک ہے۔
مقامی افراد کے مطابق جمعہ کی صبح سے امریکی جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری تھیں جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا تھا، انہوں نے بتایا کہ حملوں کے بعد بھی پانچ امریکی جاسوس طیارے نچلی سطح پر فضا میں دیکھے گئے، حملے میں ہلاک ہونے والوں کی شہریت کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ امریکی جاسوس طیاروں نے حملہ شمالی وزیرستان کے طالبان رہنماء حافظ گل بہادر کے علاقے میں کیا، تاہم حافظ گل بہادر کے اس میزائل حملے میں مارے جانے یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی، ڈرون حملے کے بعد مقامی لوگوں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور ملبے سے مرنیوالوں اور زخمیوں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا گیا، تاہم مزید ڈرون حملوں کے خدشہ کے پیش نظر امدادی کارروائیوں میں تاخیر کا سامنا رہا۔
امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں کے خلاف قبائلی عمائدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرون حملوں کو فوری روکا جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بائیس اپریل کو سپین وام میں امریکی جاسوس طیارے نے میزائل حملہ کیا تھا جس میں پچیس افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 70400
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش