0
Wednesday 21 Feb 2018 12:47

وہ دن دور نہیں جب وزیرستان کا شمار عالمی تجارتی منڈیوں میں ہوگا، کور کمانڈر نذیر احمد بٹ

وہ دن دور نہیں جب وزیرستان کا شمار عالمی تجارتی منڈیوں میں ہوگا، کور کمانڈر نذیر احمد بٹ
اسلام ٹائمز۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان کے چپے چپے میں لینڈ مائنز اور بارودی مواد کا جال بچھایا ہے، جس کو ناکارہ بنانے میں اب تک ہمارے 46 جوان زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ باقی ماندہ لینڈ مائنز اور بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی وزیرستان ایجنسی و بعد ازاں بروند میں منعقدہ قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں علاقہ بروند پہنچنے پر قبائلی عمائدین نے انکا شاندار استقبال کیا اور ان کو روایتی لنگی پہنائی، جرگہ میں جی او سی 9 ڈویژن میجر جنرل نعمان ذکریا، تینوں سیکٹرز کمانڈرز بریگیڈئیر محمد فاروق، بریگیڈیئر عباس، بریگیڈیئر محمد عرفان اور پولٹیکل ایجنٹ جنوبی وزیرستان محمد اشفاق نے بھی شرکت کی۔ قبائلی رہنماء ملک محمد مسعود احمد نے کور کمانڈر کو قبائلیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر نذیر احمد بٹ نے کہا کہ محسود قبائل محب وطن اور سچے پاکستانی ہیں، انہوں نے قوم و ملک کیلئے حالیہ دہشت گردی کی جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں، جبکہ پاک آرمی اور محسود قبائل کی مشترکہ قربانیوں کی وجہ سے جنوبی وزیرستان میں مثالی امن قائم ہوچکا ہے، جس کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ کور کمانڈر نے کہا کہ جنگ آزادی میں محسود قبائل کا کردار قابل تعریف اور آزاد کشمیر ان کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ کور کمانڈر نے اس بات پر زور دیا کہ قبائل اپنے اندرونی اختلافات پس پشت ڈال کر امن، استحکام اور ترقیاتی منصوبوں کو دوام دیں، پاک آرمی ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹوں پر تلاشی لینے کا مقصد محب وطن قبائلیوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے، جبکہ چیک پوسٹوں میں کمی اور امن کو پائیدار بنانے کیلئے ہمیں کچھ دیر اور انتظار کرنا ہوگا، کوئی پٹھان، پنجابی، سندھی اور بلوچی نہیں بلکہ ہم سب ایک اور ایک ہی گلدستے کے پھول ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے کہا کہ سنٹرل ایشیاء کے ساتھ تجارتی راستے یہاں سے گزریں گے جس کی وجہ سے یہاں کے مکینوں کا مستقبل تابناک ہے اور وہ وقت دور نہیں جب وزیرستان کا شمار عالمی تجارتی منڈی میں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 706471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش