0
Monday 19 Mar 2018 09:53

بھاجپا کشمیر کے موجودہ حالات کیلئے ذمہ دار ہے، منموہن سنگھ

بھاجپا کشمیر کے موجودہ حالات کیلئے ذمہ دار ہے، منموہن سنگھ
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ کشمیر میں صورتحال انتہائی خراب ہے، جس کے لئے نریندر مودی کی حکومت براہ راست ذمہ دار ہے۔ کانگریس کے 84ویں سیشن کے دوسرے دن اپنے خطاب میں انہوں نے مودی حکومت کو کشمیر کے حالات بگاڑنے کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ کشمیر میں سیکورٹی کے حالات بد سے بتر ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’’جموں و کشمیر میں آج جو حالات ہیں، ایسے پہلے کبھی نہیں تھے، اس کی وجہ سے ملک کی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں اور ملک کی داخلی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ جموں و کشمیر کی مخلوط حکومت میں اتحادی پارٹیوں کے نظریات ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ نئی دہلی نے وہاں پر ایک ایسی حکومت قائم کی جس کی دو اتحادی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف کام کرتی ہیں۔

بھارت کے سابق وزیراعظم نے کہا کہ بھاجپا حکومت نے جو وعوے کئے تھے، ان سے ایک بھی پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا نے اپنے مشترکہ منشور میں حکومت نے علیحدگی پسندوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اس کے علاوہ کشمیر کے کچھ علاقوں سے افسپا ہٹانے کی بھی یقین دہانی کی، لیکن ایسا کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا کہ حکومت کو جموں و کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے صحیح قدم اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سالوں کے دوران حالات بہت خراب ہوگئے ہیں، 2016ء میں چھ مہینے تک سنگ باری ہوتی رہی اور سیکورٹی اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی اس میں ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستان کے ذریعہ کی جانے والی دہشت گردانہ سرگرمیاں سے مجموعی طور پر نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سبھی پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چین سمیت سبھی پڑوسی ملکوں سے تعلقات میں بہتری لانی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 712483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش