0
Friday 13 May 2011 18:13

کراچی،سی آئی ڈی پولیس کی کاروائی،کالعدم تحریک طالبان کے 4 مبینہ دہشت گرد گرفتار

کراچی،سی آئی ڈی پولیس کی کاروائی،کالعدم تحریک طالبان کے 4 مبینہ دہشت گرد گرفتار
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سی آئی ڈی پولیس نے پیر آباد میں کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے س دھماکا خیز مواد، اسلحہ، خودکش جیکٹس، دستی بم اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی و سی سی پی او کراچی سعود مرزا نے سی آئی ڈی گارڈن کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سی آئی ڈی پولیس نے ایک اطلاع پر پیر آباد تھانے کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے مبینہ دہشت گردوں حبیب الله، حبیب الرحمان، بابر اقبال عرف ببلی اور مبینہ ماسٹر مائنڈ معاذ عرف عرفان کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 25 کلو گرام دھماکا خیز مواد، 3 کلاشنکوف، 3 پستول، 6 دستی بم، 3 دیسی ساختہ دستی بم، ایک ایل ایم جی رائفل، ایک سائلنسر، 2 خود کش جیکٹ، دو بنڈل ڈیٹونیٹر وائر، دو ریموٹ کنٹرول، 9 ڈیٹو نیٹنگ ڈیوائس، ایک ٹائم ڈیلے ڈیوائس، 18 ان الیکٹرک ڈیٹونیٹر اور  10 الیکڑک ڈیٹونیٹر، نجی سیکورٹی گارڈز کی وردیاں اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔
ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان بدر منصور گروپ سے ہے اور ملزمان حساس اداروں کے دفاتر، سرکاری عمارتوں، اہم تنصیبات اور پولیس دفاتر کی عمارتوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا کراچی کے پنجابی مجاہدین گروپ سے بھی تعلق ہے، ملزمان نے دہشت گردی کی تربیت وزیرستان سے حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کراچی کی تاجر برادری سے دھمکیاں دے کر رقم جمع کرتے تھے اور اسے دہشت گردی کی وارداتوں کے لیے استعمال کرتے تھے۔

خبر کا کوڈ : 71622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش