0
Tuesday 10 Apr 2018 20:30

نیپرا نے کراچی میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا

نیپرا نے کراچی میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا
اسلام ٹائمز۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا۔ کراچی میں گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے اور کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے بیشتر علاقوں میں 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی قرار دیئے گئے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ شروع کر رکھی ہے جس سے شہری گرمی میں شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے سوئی گیس کی طرف سے گیس نہ ملنے کا بہانہ بنایا جارہا ہے جب کہ سوئی گیس نے شہر میں لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ہی قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا ہے اور شہر میں 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک سے وضاحت طلب کرلی ہے۔ نیپرا کے اعلامیہ کے مطابق اس معاملے پر تحقیقات کے لئے اعلٰی سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو کل 11 سے 13 اپریل تک کراچی کا دورہ بھی کرے گی۔

دوسری جانب ترجمان سوئی سدرن شہباز اسلام نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس سپلائی کم اور ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے، اسی لئے پہلے گھریلو صارفین کو گیس دینا ہوتی ہے جس کے بعد جن کے ساتھ معاہدے ہیں انہیں گیس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کو وزیراعلٰی نے ہمیں اور کے الیکٹرک کو بلایا تھا جس کے بعد اتوار کو بورڈ اجلاس ہوا اور اگلے ہی دن ٹی او آر بنا کر دیئے۔ ان کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن کا کے الیکٹرک سے گیس فراہمی کا کوئی معاہدہ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک کو گیس دے رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کو 90 ملین مکعب فٹ گیس دے رہے ہیں جبکہ گیس میں کمی کی وجہ سے کے الیکٹرک کو 60 ملین مکعب فٹ گیس کم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ذمہ 80 ارب روپے کے واجبات ہیں لیکن کے الیکٹرک نے اب تک 6 ارب روپے کے واجبات ادا کئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 717053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش