0
Thursday 26 Apr 2018 16:18

شہدائے بہاولپور کی 48 ویں برسی پر صوبہ بہاولپور اتحاد کی ریلی

شہدائے بہاولپور کی 48 ویں برسی پر صوبہ بہاولپور اتحاد کی ریلی
اسلام ٹائمز۔ یوم شہدائے بہاول پور کی 48 ویں برسی کے موقع پر صوبہ بہاول پور اتحاد کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا اور ریلی نکالی گئی، جس میں بحالی صوبہ بہاول پور کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر عوام کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن صوبہ بہاول پور اتحاد مسز آسیہ کامل نے کہا کہ بہاول پور صوبہ بحالی کے حوالہ سے صوبائی اسمبلی میں قرارداد میں منظور ہوچکی ہے جسے ضائع ہونے نہیں دیا جائے گا، قرارداد بحالی صوبہ کے حوالے سے مضبوط پہلو یہ ہے کہ کسی سیاسی جماعت میں اس قرارداد کی مخالفت کرنے کی جرات نہیں ہے، فرخندہ شیخ نے کہا کہ کسی بھی تحریک کی کامیابی میں خواتین ہراول دستے کا کردار ادا کرتی ہیں، خطہ بہاول پور کی خواتین میں یہ بات بدرجہ اتم موجود ہے کہ جب بھی بہاول پور کے لیے کسی بھی قربانی یا جدوجہد کا موقع آیا تو خواتین نے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ اعجاز جعفری نے کہا کہ حکمرانوں نے ہمیشہ خطہ بہاول پور کو نظرانداز کیا ہے جس کی وجہ سے یہاں بے روزگاری، غربت اور معاشرتی مسائل ملک کے دیگر علاقوں کی نسبت زیادہ ہیں۔ بہاول پور کی صوبائی حیثیت کو بحال نہ کرنا ہمارے ساتھ زیادتی ہے، اسیرِ تحریک نواز ناجی نے کہا کہ ہم تحریک کے لیے دی جانے والی قربانیوں کے عینی شاہد ہیں اور اس عزم کو دہراتے ہیں کہ بحالی صوبہ بہاول پور کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پروفیسر ڈاکٹر مدحت کامل حسین نے کہا کہ تحریک بہاول پور دراصل پاکستان بچانے کی تحریک ہے، صوبہ بہاول پور کے بحال ہونے سے ملک سے لسانی اور صوبائی تعصبات کا خاتمہ ہوگا اور پاکستان مزید مستحکم ہوگا۔ راجہ شفقت محمود نے کہا کہ بہاول پور 1955ء تک صوبائی اکائی کی صورت میں موجود رہا ہے اور بہاول پور میں استحکام پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ پاکستان کی رگوں میں خون ڈالنے والا خطہ آج پاکستان کا پسماندہ ترین ڈویژن ہے۔ ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے سے بہاول پور صوبہ کو فی الفور بحال کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 720660
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش