0
Monday 16 May 2011 15:37

پیپلز پارٹی مزدوروں کے اتحاد سے ہی وجود میں آئی مگر ان کے ہی دور حکومت میں مزدوروں کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے، جماعت اسلامی

پیپلز پارٹی مزدوروں کے اتحاد سے ہی وجود میں آئی مگر ان کے ہی دور حکومت میں مزدوروں کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے، جماعت اسلامی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر غفور احمد نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان، مال، عزت و آبرو کی طرح ملازمت اور روزگار کا تحفظ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت ٹھیکیداری نظام کو غیر قانونی قرار دے اور برطرف ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے،  
انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب میں کے ایس سی ملازمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی، سیکرٹری جنرل نسیم صدیقی، این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان، کے ای ایس سی مزدور اتحاد کے رہنما اخلاق حسین، عبدالواحد کاظمی، شہزاد، اسلم سموں اور دیگر بھی موجود تھے۔ پروفیسر غفور احمد نے کہا کہ مزدور معیشت کا اہم پہیہ ہوتا ہے، اگر مزدور خوشحال نہیں ہو گا تو ملک متاثر ہو گا۔ جماعت اسلامی مزدوروں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ متحد رہے تو کسی کو جرات نہیں ہو گی کہ آپ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کو جاری کئے گئے نوٹس واپس لئے جائیں اور انہیں فورا بحال کیا جائے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں کے اتحاد سے ہی وجود میں آئی مگر ان کے ہی دور حکومت میں مزدوروں کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی نے اس مسئلے کو سینٹ میں بھی اٹھایا، سیر حاصل بحث ہوئی مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ کے ای ایس سی کا رویہ حکومت کے لئے کھلا چیلنج ہے، حکومت کو چاہیے کے وہ کے ای ایس سی کو دوبارہ قومی تحویل میں لے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے ای ایس سی کی نجکاری کی بھرپور مخالفت کی تھی، مگر ایم کیو ایم اور ق لیگ نے حمایت کی اور اسکو پرائیوٹائز کرایا۔ اگر مزدوروں کو کوئی نقصان پہنچا تو اسکا مقدمہ حکومت اور کے ای ایس سی انتظامیہ کے خلاف چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بھرپور طریقے سے آپ کے ساتھ ہے اور آپ کی بحالی کے لئے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی دوہری پالیسی اختیار کرنے کے بجائے کے ای ایس سی کے ملازمین کے مطالبات کو منظور کرے اور ایم ڈی، کے ای ایس سی کو فی الفور برطرف کرے اور نجکاری ختم کر کے اس ادارے کو قومی تحویل میں لیا جائے۔ نسیم صدیقی نے کہا کہ ہزاروں ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو بے سہارا کرنے میں حکومت بھی شریک ہے، کے ای ایس سی ملازمین متحد ہیں اور اپنے حقوق حاصل کر کے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 72310
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش