0
Tuesday 8 May 2018 20:10

آج سندھ بے حال ہے اور صرف آصف زرداری خوشحال ہے، شہباز شریف

آج سندھ بے حال ہے اور صرف آصف زرداری خوشحال ہے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر و وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے سندھ کی عوام کے ساتھ بہت زیادتی کی، جبکہ آج سندھ بے حال ہے اور صرف آصف زرداری خوشحال ہے۔ تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ کے علاقے مٹیاری میں مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے سندھ کی عوام کو نوکریاں دیں، نہ خوشحالی و ترقی کیلئے کوئی کام کیا، پیپلز پارٹی نے یہاں کے لوگوں کے ساتھ بہت زیادتی کی، تاہم اب ظلم و ستم کا بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے، اگر سندھ  ترقی نہیں کرتا، تو پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، جبکہ آپ نے آئندہ انتخابات میں (ن) لیگ کو ووٹ دیا، تو سندھ کو پنجاب بنا دوں گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سندھ میں غریب و یتیم بچوں کو نہ وظیفے ملتے ہیں اور نہ تعلیم و صحت کی سہولیات میسر ہیں، جبکہ ہم نے پنجاب میں غریبوں کیلئے وظیفے دیئے، دانش اسکولز بنائے اور بے روزگار افراد کو قرضے دیئے، صحت کے شعبے میں پنجاب میں بہترین اسپتال بنائے جہاں معیاری و جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بنی گالا والے اکٹھے ہوگئے، زرداری کہتے ہیں کہ مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں، لیکن میں کہتا ہوں مرسوں مرسوں کم نہ کرسوں، آصف زرداری اربوں روپے لوٹ کر باہر لے گئے اور سبق دیتے ہیں کہ ہم ملک کو کرپشن سے پاک کرکے ترقی یافتہ بنائیں گے۔ صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی کی حکومت ختم ہوئی تو یہاں گھنٹوں لوڈشیڈنگ تھی اور ترقی کا کوئی نام و نشان نہیں تھا، ہماری حکومت نے پاکستان میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اور کھربوں روپے کے ترقیاتی کام کیے، جبکہ آئندہ عوام نے ووٹ دیے، تو سندھ کے گاؤں گاؤں میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے اور سندھ کو پاکستان کا سب سے ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 723185
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش