0
Thursday 17 May 2018 12:11

ملک بھر میں ایک ساتھ روزہ رکھنے کی روایت بحال

ملک بھر میں ایک ساتھ روزہ رکھنے کی روایت بحال
اسلام ٹائمز۔ بہت عرصہ بعد پاکستان میں ایک ساتھ روزہ رکھنے کی روایت بحال ہوگئی۔ گذشتہ روز مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کیا۔ چاند نظر آنے کا علان ہوتے ہی ملک بھر میں نماز تراویح پڑھی گئی جبکہ پہلی سحری پر گھروں میں خصوصی پکوان تیار کئے گئے اور بعدازاں نماز فجر کے بعد خصوصی عبادات اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر ملک کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  نے عوام کو رمضان المبارک کا مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کا مہینہ ذاتی محاسبے اور اصلاح کا مہینہ ہے۔

رمضان المبارک کی آمد پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپنی زندگیوں اور معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے ہمیں اپنے طرزِ عمل کو اس ضابطہ کار کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی راہ ہمارے دین نے دکھلائی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انفرادی طور پر جہاں ہمیں نظم و ضبط، قوانین کی پاسداری اور خود احتسابی کے دامن کو مضبوطی سے تھام کر آگے بڑھنا ہے، وہیں قومی سطح پر ہمیں اپنے اندر اتحاد و اتفاق، رواداری اور مثبت سوچ جیسے اعلٰی اوصاف پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، نیدرلینڈز سمیت یورپ، بھارت، مالدیپ، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی دارالسلام، سنگاپور، آسٹریلیا، عمان، جاپان میں بھی آج پہلا روزہ ہے۔ امریکا اور کینیڈا میں چاند دیکھ کر فیصلہ کرنے والی تنظیموں نے بھی آج پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، وہاں پہلا روزہ جمعہ (18 مئی) کو ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 725333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش