0
Thursday 17 May 2018 18:31

یکم رمضان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت باعث افتخار ہے، پی ٹی آئی کی باغی رکن اسمبلی مسرت احمد زیب

یکم رمضان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت باعث افتخار ہے، پی ٹی آئی کی باغی رکن اسمبلی مسرت احمد زیب
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی باغی رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی۔ مسرت احمد زیب نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے اعلان کے بعد مسرت احمد زیب نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ بھی دے دیا اور مسرت احمد زیب نے اپنا تحریری استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیا۔ اس موقع پر مسرت احمد زیب کا کہنا تھا کہ یکم رمضان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت باعث افتخار ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب کا نام اس وقت سامنے آیا تھا جب انہوں نے 22 مئی 2017ء کو ایک نجی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ملالہ یوسفزئی پر حملہ پہلے سے طے شدہ تھا، انہوں نے کہا تھا کہ ملالہ پر حملہ اسکرپٹڈ تھا۔ واضح رہے کہ نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی پر 2012ء میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے سوات میں حملہ کیا گیا، جس کے بعد سے وہ بیرون ملک مقیم ہیں اور اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب نے بعد ازاں اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا تھا کہ ملالہ کو سر میں گولی ماری گئی، لیکن سوات میں ہونے والے سی ٹی اسکین کے دوران کوئی گولی نہیں پائی گئی، لیکن بعد میں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) پشاور میں ان کے سر میں ایک گولی پائی گئی۔ جس پہ پی ٹی آئی کے ترجمان شفقت محمود نے واضح کیا تھا کہ پارٹی 2014ء میں مسرت احمد زیب سے لاتعلقی اختیار کرچکی ہے۔ شفقت محمود نے بتایا تھا کہ 2014ء کے اسلام آباد دھرنے کے دوران ارکان قومی اسمبلی مسرت احمد زیب، گلزار احمد اور سراج محمد نے پارٹی قواعد کی خلاف ورزی کی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا تھا کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا تھا، لیکن ان ارکان نے پارٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔


 
خبر کا کوڈ : 725431
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش