0
Wednesday 18 May 2011 22:29

ہم عوام میں سے ہیں اور ان سے فراڈ کو گناہ سمجھتے ہیں، بشیر بلور

ہم عوام میں سے ہیں اور ان سے فراڈ کو گناہ سمجھتے ہیں، بشیر بلور
پشاور:اسلام ٹائمز۔خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بشیر احمد بلور نے کہا ہے کہ ہم نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نہ صرف جانوں کے نذرانے دئیے بلکہ ہر طرح کی قربانی کیلئے تیار ہو کر اس آفت کو ختم کرنے کی ٹھانی کیونکہ اسکی وجہ سے ملک، قوم اور معیشت سب خطرے میں تھے اور اللہ تعالی کا شکر ہے کہ ہم نہ صرف دہشت گردی کا نیٹ ورک توڑنے میں کامیاب ہوئے بلکہ ترقیاتی عمل بھی تیز کیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے سابقہ حکومتوں کی طرح عوام کو جذباتی نعروں پر ٹرخانے، ان کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے کاغذی منصوبے شروع کرنے اور فنڈز اپنی من پسند جگہوں کو منتقل کرنے کی بجائے میرٹ کی بنیاد پر منصوبے شروع کئے کیونکہ ہم عوام میں سے ہیں اور ان سے فراڈ کو گناہ سمجھتے ہیں وہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں اپنے حلقہ نیابت سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے باتیں کر رہے تھے۔
اے این پی شیخ حبیب وارڈ کے صدر امان اللہ خان کی زیر قیادت رشید گڑھی کے عمائدین کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے جس نے سینئر وزیر کو علاقے کے بعض مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا، بشیر بلور نے اپنا یہ عزم دہرایا کہ صوبے کے عوام بالخصوص دارالحکومت پشاور کے شہریوں کی بے لوث خدمت انکی جماعت اور بلور برادران کا نصب العین اور ان کیلئے جینا مرنا ہمارا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں میرے اور پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین پر خودکش حملے ہوئے مگر ہم جانتے ہیں کہ زندگی اور موت اللہ تعالی ٰ کے ہاتھ میں ہے اسلئے ہم موت اور دہشت گردی کے ڈر سے عوام کی خدمت میں ہرگز کمی نہیں لانے دینگے اور شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے اور یہاں معاشی ترقی کیلئے کوششیں ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ بشیر بلور نے کہا کہ پشاور شہر کی ترقی اور خوبصورتی نیز شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کا عمل ہر صورت جاری رکھا جائے گا اس مقصد کیلئے حکومتی مشینری کو پوری طرح فعال بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ شہر میں آبنوشی، حفظان صحت، مواصلات، ٹریفک، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں سہولیات کی بہتری کیلئے میگا پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں جن میں ایک کلومیٹر طویل گلبہار چوک فلائی اوور کی تعمیر سے ایسے دو بڑے پراجیکٹس کا آغاز، شاہی باغ میں لاہور کے شالیمار گارڈن طرز کے نئے پارک کی تعمیر، جناح پارک میں رات کو بھی نظر آنے والے پرکشش رنگین فواروں کی تنصیب، مینار پاکستان سے بھی اونچے قومی پرچم کی تنصیب، تین ارب روپے کی لاگت سے رنگ روڈ کی توسیع، اسکے باقی ماندہ حصے کی تکمیل اور دیگر شاہراہوں کی کشادگی شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبے پر مرکز نے پن بجلی منافع کی ادائیگی شروع کردی ہے، جولائی میں اسکی نئی قسط ملنے سے قومی امانت کے طور پر بینکوں میں محفوظ اس رقم سے نئے پن بجلی گھروں کی تعمیر شروع کی جائے گی اور صوبائی توانائی پالیسی بنا کر لوڈ شیڈنگ کے جلد از جلد خاتمے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے گی انہوں نے کہا کہ صوبے میں تیل و گیس سمیت قدرتی وسائل کی بہتات ہے جن سے صوبائی خود مختاری ملنے کے بعد اب بھرپور استفادہ کیا جائے گا اور وسائل کی فراہمی کا آغاز ہوتے ہی صوبے بھر کی طرح پشاور کی ترقی میں بھی نمایاں تیزی آئے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وارسک ڈیم سے پشاور شہر کو پانی کی فراہمی کے پلان کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا کیونکہ یہ ہمارے قومی مفاد میں ہے اور آبنوشی کا مسئلہ دائمی حل ہونے کے علاوہ بجلی کی بچت بھی ہوگی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی ریلیف کے دیگر کئی منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے انہوں نے وفد کے پیش کردہ مسائل و مطالبات کے حل کیلئے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
خبر کا کوڈ : 72887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش