0
Saturday 9 Jun 2018 00:24

فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ کسی طور قبول نہیں، علامہ عقیل انجم قادری

فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ کسی طور قبول نہیں، علامہ عقیل انجم قادری
اسلام ٹائمز۔ مجاہدین فلسطین بے سر و سامانی کے باوجود ڈرنے اور چھپنے کے بجائے دشمنوں سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کررہے ہیں یا پابند سلاسل ہوکر انسانیت سوز مظالم برداشت کرتے ہوئے آزادی کانعرہ بلند کررہے ہیں، جبکہ اُمت مسلمہ اور ان پر مسلط حکمراں خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے ہیں، مسلم حکمرانوں کو میدان عمل میں آکر مظلوموں کی حمایت کے لئے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ باتیں جمعیت علماء پاکستان (نورانی) صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید عقیل انجم قادری نے ’’یوم القدس‘‘ کے موقع پر جامع مسجد جمیل کورنگی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 7 دہائیوں سے فلسطین کے مظلوم مسلمان ظلم و ستم کی چکی میں پس رہے ہیں، غاصب صیہونیوں نے انسانی حقوق کے تمام اُصول اور ضابطوں کو پامال کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے فیصلوں کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ ملت اسلامیہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے، دوسری جانب عرب ممالک اور OIC کی مصلحت پسندی، مجرمانہ خاموشی اور غفلت انتہائی افسوسناک ہے۔

عقیل انجم قادری نے کہا کہ علامہ شاہ احمد نورانی مرحوم ہر فورم پر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی بھرپور حمایت اور اُن کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے رہے ہیں، ہم بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ اور امریکی سفارت خانہ کا قیام مسلم حکمرانوں اور اسلامی فوجی اتحاد کے لئے کھلا چیلنج اور تازیانہ ہے، فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے، نام نہاد اسرائیلی ریاست کسی طور قبول نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ جانبدارانہ رویہ چھوڑ کر ظالم و جابر اور غاصب اسرائیل کی رکنیت معطل کرے، نہتے مظلوم فلسطینیوں پر انسانیت سوز وحشیانہ اسرائیلی مظالم عالمی انسانی ضمیر جھنجوڑنے کے لئے کافی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 730414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش