0
Friday 13 Jul 2018 00:51

نواز شریف اور مریم نواز کی بچوں سے الوداعی ملاقات، جنید صفدر کی گرفتاری اور سانحہ ماڈل ٹاون کی بازگشت

نواز شریف اور مریم نواز کی بچوں سے الوداعی ملاقات، جنید صفدر کی گرفتاری اور سانحہ ماڈل ٹاون کی بازگشت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کو لندن میں ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر سے پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جنید صفدر اور اس کے دوست کو پولیس نے ایک نوجوان کو مکا مارنے کے جرم میں گرفتار کیا ہے۔ جنید صفدر کے مطابق ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر موجود مظاہرین نے مجھ پر تھوکا اور حملہ کرنے کی کوشش کی، جس شخص کو مکا مارا گیا، اسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ لندن فلیٹ کے باہر پی ٹی آئی کے کارکن جنید کو دیکھتے ہی برے الفاظ سے پکارتے، ان کی جگہ کوئی بھی ہوتا تو ردعمل دیتا۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج وطن واپس پہنچیں گے۔ سابق وزیراعظم کا بذریعہ ابوظہبی شام سوا 6 بجے کے قریب پاکستان پہنچنے کا امکان ہے جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں لاہور ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کے لئے 16 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔ نیب حکام کے مطابق دو ٹیمیں لاہور ایئرپورٹ اور دو ٹیمیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات ہوں گی۔ نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے بعد راولپنڈی لایا جائے گا جہاں سے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔ دوسری جانب چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

روانگی سے قبل مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اپنے بچوں کو کہا ہے جبر کے ماحول کا بہادری سے سامنا کرو لیکن بچے تو بچے ہوتے ہیں، بڑے بھی ہوں تو بھی ان کے لئے خیرباد کہنا مشکل ہوتا ہے۔
 
                                                          

دوسری جانب نواز شریف کا کہنا ہے کہ جیل کی کوٹھڑی اپنے سامنے دیکھ کر بھی پاکستان آ رہا ہوں، وہ بھی سن لیں جو دعوٰی کر رہے تھے کہ واپس نہیں آؤں گا اور 25 جولائی کا الیکشن سب سے بڑا ریفرنڈم ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے دو ہیلی کاپٹرز کا انتظام کر لیا ہے، ایک ہیلی کاپٹر لاہور اور دوسرا اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑا کیا جائے گا، کسی بھی ایئرپورٹ پر اترتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔ خیال رہے احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔

                                                       

ادھر لاہور میں نوازشریف کی عمر رسیدہ والدہ شمیم اختر نے لاہور ایئرپورٹ پر اپنے بیٹے کا استقبال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ کا کہنا ہے کہ خود اپنے بیٹے کا استقبال کرنے لاہور ایئرپورٹ جاؤں گی اور نوازشریف کو گرفتار نہیں ہونے دوں گی تاہم اگر انہیں گرفتار کیا گیا تو میں بھی ان کے ساتھ جیل جاؤں گی۔ اپنے ویڈیو بیان میں نواز شریف کی والدہ نے کہا کہ پاکستان کا بیٹا میرا بیٹا ہے جس نے اسے روشن بنایا، کل وہ واپس آ رہا ہے تاکہ میں پھر سے اس کا ماتھا چوم سکوں۔ شمیم اختر نے کہا کہ میرے بیٹے نواز شریف، مریم اور صفدر کے خلاف ناحق فیصلہ آیا، میں ان تینوں کو جیل جانے نہیں دوں گی، اگر جیل بھیجا گیا تو میں بھی ان کے ساتھ جاؤں گی۔ سابق وزیراعظم کی والدہ نے کہا کہ ان کا ایمان ہے یہ تینوں بےگناہ ہیں اور اللہ تعالٰی ان کی حفاظت کرے گا، ظالموں کو خدا کے خوف اوراس کی پکڑ سے ڈرنا چاہیئے۔ نواز شریف کی والدہ کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے خود فیصلے میں لکھا کہ کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو پھر میرے بچوں کو سزا کس بات کی دی جارہی ہے، صرف ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے اور ملک سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے۔

                                                 

مریم نواز کی طرف سے تویئٹر پر اپنے بچوں کو گلے لگا کر اور آنسو بہاتے اپنے بچوں کو الوداع کرتے ہوئے بنائی گئی تصور شیئر کرنے پہ ایک صارف نے سانحہ ماڈل ٹاون کے دوران خواتین پر پولیس تشدد کی تصویر شیئر کر کے لکھا ہے کہ یہ بھی کسی کی مائیں تھیں، انکے بچے بھی ایموشنل ہوئے ہونگے، جنکی مائیں ماڈل ٹاؤن میں ماری گئیں، مجھ میں حوصلہ نہیں انکی فوٹو پوسٹ کروں، کیا ہی اچھا ہوتا اگر اپنے بچوں کو یہ بتاتی کے برے کام کا برا انجام ہے، اگر باپ کی مددگار بن کر آفشور کمپنیز نہ رکھتی، نہ لوٹ مار کرتے تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔
                                              
خبر کا کوڈ : 737462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش