0
Friday 10 Aug 2018 22:20

پاکستانی دانشوروں نے عمران خان کے مجوزہ دورہ ایران کو مثبت قرار دیدیا

پاکستانی دانشوروں نے عمران خان کے مجوزہ دورہ ایران کو مثبت قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ سینیئر سیاسی رہنماء بیگم سیدہ عابدہ حسین نے کہا ہے کہ میں سمجھتی ہوں کے عمران خان کے دورہ ایران کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر اپنے امیج کی ڈویلپمنٹ کرنے کیلئے اس طرح کے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ عمران خان نے پہلے بھی یہ کہا تھا کہ وہ ایران اور سعودی عرب کی صلح کروانا چاہتے ہیں تو اس طرح سے ان کا دورہ ایران مثبت ثابت ہوگا اور میں یہ سمجھتی ہوں کہ یہ ایک مثبت اقدام ہے اور اس سے پاکستان کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کو مثبت ممالک کے رویہ رکھنے والے ممالک میں شامل کرنا ہوگا، جس سے عالمی برادری میں ہمیں ہمارا کھویا ہوا مقام حاصل ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب معروف تجزیہ کار رسول بخش رئیس نے کہا ہے کہ جن ممالک کے سفیروں نے عمران خان کو وزیراعظم بننے کے بعد اپنے ممالک کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے، عمران خان کو وہاں ضرور جانا چاہیئے۔ ایران کی جانب سے دورہ کی دعوت قبول کرنے اور وزیراعظم بننے کے بعد ایران کا دورہ کرنے سے سعودی عرب یا دیگر ممالک کے مفادات کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور افہام و تفہیم کا حامی رہا ہے، اس لئے عمران خان کا دورہ ایران انتہائی مثبت رہے گا۔ اس وقت پاکستان کو بیرونی سطح پر جو چیلنجز درپیش ہیں، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ ایران عرب تنازعے میں ثالث کا کردار ادا کرے، تاکہ خطے میں امن و سکون قائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب دونوں برادر اسلامی ملک ہیں، اس لئے انہیں چاہیئے کہ وہ اپنی ضد اور ہٹ دھرمی سے نکل کر اپنے مسائل کو حل کریں۔
خبر کا کوڈ : 743767
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش