0
Wednesday 15 Aug 2018 13:28

پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی دوبارہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب

پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی دوبارہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی ایک مرتبہ پھر سندھ اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی کی سربراہی میں شروع ہوا، جن کی نگرانی میں اسپیکر کا انتخاب عمل میں آیا۔ اسپیکر کیلئے پیپلز پارٹی کے رہنما آغا سراج درانی اور ایم کیو ایم پاکستان کے جاوید حنیف مدمقابل تھے۔ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کے نتیجے میں آغا سراج درانی ایک مرتبہ پھر اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے۔ اسپیکر کے انتخاب میں 158 ووٹ کاسٹ ہوئے، آغا سراج درانی کو 96 اور جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے، جبکہ 3 ووٹ مسترد ہوئے، اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان کے یونس سومرو نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ آغا سراج درانی سے پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی نے حلف لیا۔

آغا سراج درانی 2013ء سے 2018ء کے عرصے میں بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو سندھ اسمبلی میں 75 ارکان کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہے۔ اسپیکر کے انتخاب کے بعد اب ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا، جس کیلئے پیپلز پارٹی کی ریحانہ لغاری اور اپوزیشن کی رابعہ اظفر نظامی آمنے سامنے ہیں۔ واضح رہے کہ آغا سراج درانی نے دو مرتبہ اسپیکر سندھ اسمبلی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، جبکہ ان کے والد اور چچا بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہ چکے ہیں۔ حالیہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 75، تحریک انصاف نے 23، ایم کیو ایم نے 16، جی ڈی اے نے 11، تحریک لبیک پاکستان نے 2 اور ایم ایم اے نے ایک نشست حاصل کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 744745
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش