0
Wednesday 25 May 2011 23:26

امریکہ کی جنگ دہشتگردی کیخلاف نہیں پاکستان اور اس کے ایٹمی پروگرام کیخلاف ہے، سید منور حسن

امریکہ کی جنگ دہشتگردی کیخلاف نہیں پاکستان اور اس کے ایٹمی پروگرام کیخلاف ہے، سید منور حسن
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ سے علیحدگی کا فوری اعلان نہ کیا تو بہت دیر ہو جائے گی۔ یہ دہشت گردی کے خلاف نہیں پاکستان اور اس کے ایٹمی پروگرام کے خلاف جنگ ہے۔ نیٹو کے جنرل سیکرٹری کا پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر تحفظات کا بیان امریکی عزائم کی طرف واضح اشارہ ہے۔ خود کو سنبھالنے کا وقت گزر گیا تو پاکستان کے لیے سلامتی کونسل میں اپنا دفاع کرنا مشکل ہو جائیگا۔ فرانس، بھارت، اسرائیل اور برطانیہ دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں امریکی اتحادی ہیں۔ روس افغانستان میں اپنی شکست کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتا ہے جبکہ چین ابھی تک حکمرانوں کی امریکہ نواز پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو قابل اعتبار نہیں سمجھتا۔ ملکی بقا اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کو اس جنگ سے لاتعلقی کا اعلان کر کے مشرقی اور مغربی سرحدوں کی موثر نگرانی اور فوجی تنصیبات کی حفاظت کا فول پروف نظام بنانا ہو گا۔
منصورہ سے جاری کردہ بیان میں سید منور حسن نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں پاکستان کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں میں سب سے زیادہ مالی و جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ 35 ہزار معصوم شہریوں اور فوجی جوانوں کے علاوہ 70 ارب ڈالر سے زیادہ نقصان اٹھانے کے باوجود امریکہ پاکستان پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔ آئے روز پاکستان کے خلاف توہین آمیز بیان دیے جاتے ہیں۔ امریکہ سے ملنے والی مشروط امداد اس مالی نقصان کا ایک فیصد بھی نہیں۔ ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ بجٹ خسارہ ایک ہزار ارب روپے سے بھی زیادہ ہو چکا ہے۔ بیرونی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ پاکستانی تاجر بھی اپنے کاروبار بیرون ملک منتقل کر رہے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور مہنگائی و بے روزگاری نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، لیکن حکمران امریکہ کے نام نہاد اتحادی بنے ہوئے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اپنی جنگ قرار دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر امریکی مداخلت ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ ملک کی داخلہ و خارجہ اور معاشی و دفاعی پالیسیاں آئی ایم ایف اور امریکی ڈکٹیشن کے مطابق بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن کے بعد بھارت بھی ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے۔ دشمن ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدوں پر ڈیرے ڈال چکا ہے، لیکن فوج سمیت پاکستان کے دفاعی ادارے امریکی جنگ میں الجھے ہوئے ہیں۔
سید منور حسن نے کہا کہ امریکی غلام حکمرانوں کی موجودگی میں کسی بہتری کی امید نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن قوتیں آزادی و خود مختاری کے تحفظ کے لیے اٹھ کھڑی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا کی موجودگی میں حکمران قوم کو اندھیرے میں نہیں رکھ سکتے۔ پی این ایس پر حملہ آوروں کی تعداد دو درجن کے قریب تھی جن میں سے صرف چار کو نیوی کمانڈوز ہلاک کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ سولہ کے قریب کاروائی کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
خبر کا کوڈ : 74536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش