0
Sunday 19 Aug 2018 18:39

آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے پولیس افسران کو عید پر سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کا حکم دیدیا

آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے پولیس افسران کو عید پر سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کا حکم دیدیا
اسلام ٹائمز۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب نے عیدالاضحٰی کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں دیگر اجتماعات اور چھٹیوں کے سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا۔ اے آئی جی آپریشنز عمران محمود نے آئی جی پنجاب کو عید سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ صوبے کی 23503 مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عید کے اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 48 ہزار 605 افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے، کوئیک رسپانس فورس کی 245 ٹیمیں بھی عید سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نماز عید کی سکیورٹی کیلئے 1575 سی سی ٹی وی کیمرے، 11007 میٹل ڈٹیکٹر اور 162 واک تھرو گیٹس بھی استعمال کئے جائیں گے۔

آئی جی پنجاب سید کلیم امام نے سی سی پی او لاہور سمیت آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سی پی اوز کو عید سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ حساس اور اے کیٹیگیری کی مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عید اجتماعات کو تھری لئیر سکیورٹی فراہم کی جائے، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اجتماعات و جگہوں کی چھتوں پر سنائپرز کو لازمی تعینات کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے لیڈیز پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے، نماز عید سے قبل تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر جگہوں کی چیکنگ اور کلیرینس کو ہرصورت یقینی بنایا جائے، حساس مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں کے اطراف میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔

آئی جی پنجاب  کا کہنا تھا کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، چڑیا گھروں، پارکوں، تفریح گاہوں اور دیگر پبلک مقامات کی سکیورٹی کیلئے اضافی دستے تعینات کئے جائیں، عید کی چھٹیوں کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں، اہم شاہراہوں پر کیو آر ایف اور ڈولفن جبکہ ہائی ویز پر پٹرولنگ فورس کے گشت کے دورانئے میں اضافہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 745426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش