0
Thursday 23 Aug 2018 18:54

وزیراعظم عمران خان کا کل سے وزارتوں سے براہ راست بریفنگ لینے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کا کل سے وزارتوں سے براہ راست بریفنگ لینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کل سے وزارتوں سے براہ راست بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وہ پہلا دورہ وزارت خارجہ کا کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا دوسرا اجلاس کل طلب کرلیا گیا جس میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں جب کہ اجلاس میں تمام وزراء کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو وزارت خارجہ کے مختلف شعبوں اور ذمہ داریوں پر بریفنگ دی جائے گی اور پاکستان کے غیر ملکی سفارتی مشنز میں تعیناتیوں اور کارکردگی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو افغانستان، بھارت اور امریکا سے تعلقات پر تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا جس کے بعد وزیراعظم خارجہ پالیسی کے حوالے سے گائیڈ لائنز بھی جاری کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کل ساڑھے 4 بجے پریس کانفرنس کریں گے جس کے دوران وہ وزیراعظم کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں خارجہ پالیسی کا احاطہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کے ستمبر کے اجلاس میں پاکستانی مؤقف سے متعلق ہدایات دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے دوسرے اجلاس کے دوران وفاقی وزارت کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (کیڈ) کو ختم کرنے کی منظوری دی جائے گی اور وزارت کیڈ کے اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کردیا جائے گا۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزارت کیڈ کے اداروں کو مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے سپرد کیا جائے گا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے حکام وزیراعظم عمران خان کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران ملک کی اقتصادی صورتحال پر بریفنگ بھی دیں گے۔ یاد رہے کہ وزارت کیڈ کو پیپلز پارٹی کے دور میں قائم کیا گیا تھا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بھی اس وزارت کو جاری رکھا، اس وزارت کے تحت 422 تعلیمی ادارے، وفاقی دارالحکومت کے اسپتال اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اٹھارٹی (سی ڈی اے) اس وزارت کے ماتحت کام کر رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 745943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش