0
Saturday 25 Aug 2018 21:59

پشاور، آئی بی نے میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ کا پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کردی

پشاور، آئی بی نے میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ کا پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کردی
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا حکومت نے انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) کی جانب سے امتحانی پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کے بعد صوبے میں پرائیویٹ و سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لئے ہونے والا انٹری ٹیسٹ منسوخ کردیا۔ اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ آئی بی کی جانب سے مذکورہ معاملے کی چھان بین کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کی سفارش کی گئی ہے، جس کے بعد ہائی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے آئندہ ماہ کے وسط میں نئے سرے سے ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لئے اس ٹیسٹ کا انعقاد 19 اگست کو ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلوایشن ایجنسی (ای ٹی ای اے) نے کیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر امتحانی پرچہ لیک ہونے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے نتائج روکنے کے احکامات دیئے تھے۔

ٹیسٹ والے روز وائرل ہوئی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک شخص جس کا چہرہ واضح نہیں، ایک امتحانی پرچہ دکھاتے ہوئے بتا رہا تھا کہ یہ ٹیسٹ سے ایک روز پہلے ہی لیک ہوگیا تھا۔ جس کے بعد ہائیر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی تجویز پر وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے انٹیلی جنس بیورو کو ویڈیو کے اصلی ہونے اور امتحانی پرچہ لیک ہونے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا چونکہ یہ معاملہ سائبر کرائم سے تعلق رکھتا ہے اس لئے ہائیر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ مذکورہ معاملے کی گہرائی سے جانچ کرنے سے قاصر ہے، جس کی بنا پر اس سلسلے میں آئی بی کی خدمات حاصل کی گئیں۔ جس کے بعد آئی بی نے جمعہ کو اپنی رپورٹ پیش کی جس میں اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ امتحانی پرچہ لیک ہوا تھا جبکہ رپورٹ میں اس حرکت میں ملوث افراد تک پہنچنے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کی بھی سفارش کی گئی تھی۔

حکام کے مطابق جے آئی ٹی میں آئی بی کے ماہرین، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، پولیس اور اسپیشل برانچ کے اہلکار شامل ہوں گے۔ اس حوالے سے ای ٹی ای اے کے ڈائریکٹر اسرار احمد کا کہنا تھا کہ انٹری ٹیسٹ دوبارہ لئے جانے کے لئے کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں امتحانی پرچہ لیک ہونے کے معاملے کا جائزہ اور ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے معاملات کی منظوری دی جائے گی۔ خیال رہے کہ مذکورہ ٹیسٹ 15 جولائی کو ہونا تھا جو صوبے میں شدید بارشوں کے باعث ملتوی کر کے 19 اگست کو لیا گیا تاہم اب ٹیسٹ سے قبل ہی پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کے بعد اسے منسوخ کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق انٹری ٹیسٹ کے نتائج میں صرف 2 امیدوار کل 800 نمبروں میں سے 700 لینے میں کامیاب ہوئے، اگر امتحانی پرچہ لیک ہوتا تو مزید امیدواروں کے نمبر اتنے زیادہ ہوتے جیسا کہ 2015ء میں ہوا تھا اور قبل از وقت امتحانی پرچہ لیک ہونے سے 17 سو سے زائد امیدواروں نے 7 سو یا اس سے زیادہ نمبر لئے تھے۔ خیال رہے کہ انٹری ٹیسٹ میں 23 ہزار 4 سو 60 طلبہ جبکہ 14 ہزار 6 سو 2 طالبات نے شرکت کی اور اس ٹیسٹ کا انعقاد 7 مختلف مقامات پر کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 746193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش