0
Friday 31 Aug 2018 23:49

صدارتی الیکشن کی حکمت عملی، پیپلز پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس کل کراچی میں ہوگا

صدارتی الیکشن کی حکمت عملی، پیپلز پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس کل کراچی میں ہوگا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن کے بارے میں حکمت عملی طے کرنے کیلئے کل ہفتہ کی شام وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ایک اہم مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں پیپلز پارٹی کے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز بھی شرکت کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے زرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کی صدارت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے، اجلاس میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی بھی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار بیرسٹر اعتزاز احسن بھی کراچی پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس میں آئندہ صدارتی الیکشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی اپنی حکمت عملی طے کرے گی۔ واضح رہے کہ منگل کے روز ہونے والے صدارتی الیکشن کیلئے حکمراں پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی، اپوزیشن کی مختلف جماعتوں نے جے یو آئی (ف) کے مولانا فضل الرحمن کو اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی کوشش ہے کہ کسی طرح پیپلز پارٹی اس بات پر آمادہ ہو جائے کہ وہ ان کے حق میں اپنے صدارتی امیدوار کو دستبردار کرا دے، اس ضمن میں انہوں نے چند روز قبل آصف زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات بھی کی تھی اور سابق صدر مملکت نے انہیں یقین دلایا تھا کہ اس معاملے پر پارٹی سے مشاورت کی جائے گی، تاہم موجودہ صورتحال میں اب اس بات کا امکان کم ہی نظر آتا ہے کہ پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کے حق میں اپنے امیدوار کو دستبردار کرا دے۔ سابق صدر نے آج جمعہ کو بینکنگ کورٹ میں اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کے سلسلے میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ صدارتی الیکشن میں پی پی کے نامزد امیدوار اعتزاز احسن کامیابی حاصل کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے زرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہونے والے اجلاس میں صدارتی الیکشن کے حوالے سے تمامتر صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 747286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش