0
Monday 10 Sep 2018 19:35

شانگلہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر دوبارہ الیکشن، ووٹوں کی گنتی جاری

شانگلہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر دوبارہ الیکشن، ووٹوں کی گنتی جاری
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ، پی کے 23 اور شانگلہ میں دوبارہ الیکشن کے لئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ضلع شانگلہ میں دوبارہ الیکشن کے لئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 6 بجے تک جاری رہی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے اور پاک فوج کے جوان بھی تعینات تھے۔ حلقے میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 555 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 827 اور خواتین کی تعداد 86 ہزار 728 ہے۔ حلقے کی کئی یونین کونسلز میں خواتین نے پہلی بار ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 25 جولائی کو عام انتخابات میں خواتین کے ووٹوں کی شرح بہت کم ہونے پر شانگلہ میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔ الیکشن میں پی ٹی آئی کے شوکت یوسفزئی نے 17399 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ نون لیگ کے روشاد خان 15 ہزار 533 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس حلقے میں خواتین رائے دہندگان کی تعداد 86 ہزار ہے لیکن 25 جولائی کو صرف ساڑھے 3 ہزار خواتین نے ووٹ ڈالے تھے۔ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق خواتین کا ٹرن آؤٹ 10 فیصد ہونا ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 749225
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش