0
Friday 21 Sep 2018 01:35

مقصد حسینؑ کو زندگیوں کا ہدف بنائے بغیر یزیدی نظام کا خاتمہ ممکن نہیں، سراج الحق

مقصد حسینؑ کو زندگیوں کا ہدف بنائے بغیر یزیدی نظام کا خاتمہ ممکن نہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ عاشورہ محرم کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؑ کے پیروکار کسی طرح بھی استحصالی نظام کا حصہ نہیں بن سکتے، پاکستان کو ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کیلئے حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات اور اسوہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ حضرت امام حسینؑ کربلا کے دن بھی زندہ تھے، آج بھی زندہ ہیں اور قیامت تک زندہ رہیں گے جبکہ یزید کربلا کے دن ہی مر گیا تھا، حضرت امام حسینؑ نے جس یزیدی نظام کیخلاف لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کی تھی، کوئی بھی صاحب ایمان اس نظام کوبرداشت نہیں کرسکتا۔ سراج الحق نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام ظلم و جبر اور استحصال کا شکار ہے، طاغوتی طاقتیں متحد ہیں اور امت مسلمہ کے حکمران اپنے ذاتی مفادات کی وجہ سے انتشار کا شکار ہیں، استعمار انہیں الگ الگ کرکے ظلم کی چکی میں پیس رہا ہے اور کوئی مسلمان ملک ان کی مدد کو نہیں پہنچ رہا ہے، ان حالات میں اتحاد عالم اسلامی وقت کی سب سے بڑی اور اہم ضرورت ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نواسہ  رسول و جگر گوشہ بتولؑ حضرت امام حسینؑ نے جس عظیم مقصد کیلئے اپنی، اپنے خاندان اور 72 جانثاروں کی جانیں میدان کربلا میں قربان کی تھیں، جب تک اس مقصد کے حصول کو ہم اپنی زندگیوں کا مقصد نہیں بناتے، ملک سے ظلم و جبر اور یزیدی نظام کا خاتمہ نہیں ہو سکتا۔
خبر کا کوڈ : 751220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش