0
Saturday 27 Oct 2018 22:46

صرف سیوریج کے بہتر نظام سے کراچی کے آدھے سے زیادہ مسائل حل ہوسکتے ہیں، خرم شیر زمان

صرف سیوریج کے بہتر نظام سے کراچی کے آدھے سے زیادہ مسائل حل ہوسکتے ہیں، خرم شیر زمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ صرف سیوریج کے بہتر نظام سے کراچی کے آدھے سے زیادہ مسائل حل ہوسکتے ہیں، سیوریج کی وجہ سے سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ جاتی ہیں اور شہری تعفن اور گندگی سے بیمار ہوجاتے ہیں، گندگی کی وجہ سے مکھیاں اور مچھر پیدا ہونے سے بیماریاں پھیلتی ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت و صفائی کا بہترین نظام ملک کے سب سے بڑے شہر کی اہم ترین ضرورت ہے، کراچی میں پانی کی طلب اور رسد میں غیر معمولی فرق ہے، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف پانی فراہم کر رہا ہے، جن علاقوں میں غیر قانونی ہائڈرنٹس توڑ دیئے جاتے ہیں وہاں بھی معاملہ ٹھنڈا پڑتے ہی دوبارہ تعمیر کر لئے جاتے ہیں، شہر میں پانی کے سنگین بحران کے باوجود ٹینکر مافیا کو پانی ہمہ وقت دستیاب رہتا ہے، پانی چور کراچی میں سارا سال سرگرم رہتے ہیں اور اس جرم نے ایک کاروبار کی شکل اختیار کر لی ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ فیڈرل بی ایریا، ڈیفنس ویو، لیاری بہار کالونی، گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، نیوکراچی، ماڈل کالونی، ایف سی ایریا، ناظم آباد، بلدیہ ٹاؤن سائٹ، اورنگی ٹاؤن، لانڈھی، کورنگی، کھارادر، رنچھوڑ لائن، لائنز ایریا، منگھوپیر روڈ کے علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے، پی پی کی حکومت سندھ نے اس سلسلے میں خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے، تحریک انصاف کراچی کو مناسب پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل کا حل چاہتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کو اس کا حق دیا جائے اور اس کے شہریوں کے ساتھ ظلم نہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 758132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش