0
Tuesday 6 Nov 2018 12:18

گورنر کے پی نے یونیورسٹیوں سے بھرتیوں کا 10 سالہ ریکارڈ طلب کرلیا

گورنر کے پی نے یونیورسٹیوں سے بھرتیوں کا 10 سالہ ریکارڈ طلب کرلیا
سلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے محکمہ اعلٰی تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ تمام صوبائی یونیورسٹیوں سے بنیادی اسکیل 17 تک بھرتیوں کا 10 سالہ ریکارڈ طلب کیا جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں وویمن یونیورسٹی مردان کے سینٹ اجلاس کے دوران دی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر نظام الدین، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن منظور احمد اور سینیٹ کے دیگر متعلقہ اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو یونیورسٹی کی کارکردگی اور سالانہ مالی بجٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کے دوران گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بھرتیوں سے متعلقہ 10 سالہ ریکارڈ طلب کرنے کا مقصد محض دیکھنا ہے کہ بھرتیوں میں قانونی طریقہ کار اپنا گیا ہے یا نہیں۔

سفارش اور میرٹ کے برعکس بھرتیاں اعلٰی جامعات کیلئے ایک وائرس ہیں اور ہم اس وائرس کے مکمل خاتمہ کیلئے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلٰی تعلیمی اداروں کے بہترین نتائج اور کارکردگی کیلئے عدم برداشت کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ اس لئے میرٹ کے برعکس اور سفارشی طور پر بھرتیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد کسی کو بے روزگار کرنا نہیں ہے، لیکن اعلٰی تعلیمی اداروں میں انصاف اور میرٹ پر مبنی تعلیمی نظام کا قیام ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ آخر میں اجلاس میں وویمن یونیورسٹی کے رواں مالی سال کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 759704
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش