0
Sunday 25 Nov 2018 12:25

چینی قونصلیٹ پر حملے میں ملوث ایک دہشتگرد کے دو بھائیوں کو خاران سے گرفتار کرلیا گیا ہے، میر سلیم کھوسہ

چینی قونصلیٹ پر حملے میں ملوث ایک دہشتگرد کے دو بھائیوں کو خاران سے گرفتار کرلیا گیا ہے، میر سلیم کھوسہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ کراچی حملے میں ملوث دہشتگردوں سے متعلق بلوچستان حکومت بھی تحقیقات کر رہی ہیں۔ چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث ایک دہشتگرد کے دو بھائیوں کو خاران سے گرفتار کرلیا گیا۔ مارے گئے ایک حملہ آور کا نام لاپتہ افراد کی فہرست میں بھی شامل کرایا گیا تھا۔ حملے کا ماسٹر مائنڈ بھارت میں موجود کالعدم تنظیم کا دہشتگرد اسلم اچھو ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث ایک دہشتگرد کی شناخت خاران کے رہائشی عبدالرزاق کے نام سے ہوئی تھی، جن کے دو بھائیوں کو حساس ادارے اور ایف سی نے ایک مشترکہ کارروائی میں خاران کے محلہ ساسولی سے گرفتار کرلیا۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کو تفتیش کی غرض سے حراست میں لیا گیا ہے۔ سندھ حکومت اور سی ٹی ڈی سندھ نے بلوچستان حکومت اور سی ٹی ڈی بلوچستان سے تحقیقات میں تعاون کیلئے رابطہ کیا ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر سلیم کھوسہ نے بھی تصدیق کی کہ چینی قونصل خانہ پر حملے سے متعلق بلوچستان حکومت بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت کا ہاتھ ہے۔ چینی قونصل خانہ پر ہونے والے حملہ کا ماسٹر مائینڈ اسلم اچھو اس وقت بھارت کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

سابق دور حکومت میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر اسلم اچھو کی ایک آپریشن میں ہلاکت سے متعلق خبر غلط تھی۔ شاید اس وقت کارروائی میں شامل افراد نے محسوس کیا ہوگا کہ اسلم اچھو ہلاک ہوگیا ہے، مگر یہ اطلاع بعد میں درست ثابت نہیں ہوئی۔ اسلم اچھو بلوچستان سے فرار ہوکر بھارت چلا گیا ہے، جہاں سے دہشتگرد کارروائیاں کرا رہا ہے۔ لاپتہ افراد سے متعلق ریاست پر الزام عائد کیا جارہا ہے۔ کل ہونے والے واقعہ میں ملوث ایک دہشتگرد کا نام ہمارے ریکارڈ کے مطابق لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل ہے۔ بلوچستان میں بیرون ملک اور پہاڑوں پر موجود افراد کے نام لاپتہ افراد کی فہرستوں میں شامل ہیں، جن میں سے ایک کل کے واقعہ میں مارا گیا ہے۔ ایسے الزامات اور واقعات کی صوبائی حکومت پرزور مذمت کرتی ہے۔ چینی قونصل خانہ پر حملے میں ملوث تینوں دہشتگردوں کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ حملے میں شہید ہونے والے کوئٹہ کے رہائشیوں کے ورثاء نے مدد کیلئے بلوچستان حکومت سے رابطہ نہیں کیا، اگر وہ صوبائی حکومت سے رابطہ کرتے تو حکومت ان کی مدد ضرور کرتی۔ صوبائی حکومت نے اس سے قبل بھی ایسے واقعات میں شہید ہونے والے افراد کی مالی معاونت کی ہے اور گذشتہ روز شہید ہونے والے افراد کی بھی مالی معاونت کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 763121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش