0
Sunday 25 Nov 2018 14:01
اس خطے میں امریکہ اور صیہونی حکومت پہلے سے زیادہ کمزور ہوئے ہیں

ہمیں یقین ہے کہ اس خطے میں سامراج کو ایک بار پھر اسلامی بیداری سے منہ کی کھانی پڑیگی، سید علی خامنہ ای

یقیناً کامیابی اور فتح فلسطین اور یمن کے عوام کی ہوگی، امریکہ اور اسکی اطاعت کرنیوالے شکست کھائیں گے
ہمیں یقین ہے کہ اس خطے میں سامراج کو ایک بار پھر اسلامی بیداری سے منہ کی کھانی پڑیگی، سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے وحدت اسلامی اور اسلامی بیداری کی تحریک کی تقویت کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ رسول اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے اتوار کو ملک کے اعلیٰ حکام، اسلامی ملکوں کے سفیروں اور بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے مندوبین نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں رسول اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ الصلوات والسلام کے یوم ولادت باسعات کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جہالت کی تاریکیوں میں غرق تھی کہ خداوند عالم نے بشریت کو نور رسول اسلام کا تحفہ دیا۔ آج بھی اگر اس نور کی پیروی کی جائے تو اس کا نتیجہ نجات اور کامیابی کی شکل میں ظاہر ہوگا۔

آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ اگر انسانیت فکری بلوغت کو پہنچ جائے اور پیغمبر اسلام کی دعوت پر لبیک کہے تو اس کی ساری مشکلات و مسائل حل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سامراجی طاقتوں کے ظلم کی وجہ سے دنیا قبل از اسلام کے دور کی مانند تاریکیوں میں گرفتار ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ بشریت مشکلات و مسائل میں گرفتار ہے اور یہ بات صرف اسلامی دنیا سے مخصوص نہیں ہے بلکہ وہ ممالک بھی جو بظاہر ترقی یافتہ ہیں، بہت زیادہ مشکلات و مسائل سے دوچار ہیں اور اسلام ان تمام مشکلات و مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس جگہ بھی عوام کے دلوں پر اسلام نے حکمرانی کی ہے، وہاں سامراجی طاقتوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ اس خطے کے بعض ممالک اسلام اور قرآن کی پیروی کے بجائے امریکہ کی اطاعت کرتے ہیں۔ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکہ اپنی سامراجی سرشت کی وجہ سے، ان ملکوں کی توہین اور تحقیر کرتا رہتا ہے، چنانچہ آپ سب نے دیکھا کہ امریکہ کے بد زبان صدر ٹرمپ نے سعودی حکام کو کس طرح دودھ دینے والی گائے سے تشبیہ دی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس تحقیر کو سعودی عرب کے عوام اور خطے کی اقوام کی توہین قرار دیا اور کہا کہ اس خطے کے اسلامی ملکوں کے بعض حکام نے فلسطین اور یمن کے حوالے سے اپنے دو خیانت آمیز اقدام کے تحت امریکہ کا ساتھ دیا، لیکن یقیناً کامیابی اور فتح فلسطین اور یمن کے عوام کی ہوگی اور امریکہ اور اس کی اطاعت کرنے والے شکست کھائیں گے۔

آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ اس خطے میں امریکہ اور صیہونی حکومت پہلے سے زیادہ کمزور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کو تینتیس روزہ جنگ میں حزب اللہ سے شکست ہوئی، دو سال بعد فلسطینیوں کے مقابلے میں بائیس دن سے زیادہ نہ ٹک سکی۔ اس کے بعد غزہ پر اس کی جارحیت آٹھ دن میں ہی شکست پر منتج ہوئی اور ابھی ایک ہفتہ قبل غزہ پر جارحیت میں اس کو دو دن میں ہی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ساری شکستیں اور ناکامیاں غاصب صیہونی حکومت کے روز بروز کمزور سے کمزور تر ہونے کا ثبوت ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے تمام تر دباؤ اور سختیوں کے مقابلے میں چالیس سال سے جاری ایرانی عوام کی استقامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت ایران کو دھمکیاں دے رہے ہیں، لیکن وہ نہ اب تک ایران کا کچھ بگاڑ سکے ہیں اور نہ ہی آئندہ اس کا کچھ بگاڑ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس خطے میں سامراج کو ایک بار پھر اسلامی بیداری سے منہ کی کھانی پڑے گی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ خطے کی نجات اسلامی بیداری کی تقویت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام مسلم اقوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اسلامی بیداری کی تحریک کی زیادہ سے زیادہ تقویت کریں۔
خبر کا کوڈ : 763224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش