0
Saturday 8 Dec 2018 12:08

فرانس اور بلجیئم کے سیاحوں کا تخت بھائی دورہ

فرانس اور بلجیئم کے سیاحوں کا تخت بھائی دورہ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا ٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر فرانس اور بلجیئم کے سیاحوں نے تخت بھائی کے کھنڈرات کا دورہ کیا۔ انہوں نے بدھ مت کے بنائے ہوئے آثار قدیمہ میں گہری دلچسپی لی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرانس کی ٹورسٹ بابرا ڈیلیری نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاں لوگوں نے انکی جو خاطر تواضع کی ہے، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ دورے پر فرانس کی چار خواتین اور پانچ مرد جبکہ بلجیئم کی ایک خاتون خیبر پختونخوا کے تاریخی مقامات کی سیر کیلئے آئے ہیں۔ بابرا ڈیلیری نے کہا کہ تخت بھائی کے بعد وہ بہت جلد سوات اور چترال کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں کیلاش کی ثقافت کو اسٹڈی کریں گے۔

انہوں نے ٹورازم کارپویشن خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی لوگ محبت کرنے والے ہیں اور جب بھی انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے تو ان کی خوب مہمان نوازی کی گئی ہے۔ غیر ملکی سیاح نے دوسرے ممالک کے سیاحوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ٹورازم کی بہت سی سائٹس موجود ہیں اور انہیں بلا جھجک پاکستان کے خوبصورت علاقوں کی سیر کرنی چاہیئے، جن میں وادی سوات، کالام اور چترال کے خوبصورت علاقے شامل ہیں۔ اس موقع پر ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا کے جنرل منیجر محمد علی اور آرکیالوجیکل کنزرویٹر عامر عمر نے بیرونی ممالک کے سیاحوں کو تخت بھائی کھنڈرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 765508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش