0
Saturday 8 Dec 2018 12:39

زرداری کے بیانات کرپٹ ذہنیت کے عکاس ہیں، شوکت یوسفزئی

زرداری کے بیانات کرپٹ ذہنیت کے عکاس ہیں، شوکت یوسفزئی
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے بیانات مایوس مفرور اور کرپٹ ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں، نہ تو ون یونٹ بنے گا نہ ہی حکومت کو کوئی خطرہ ہے، پاکستان میں جمہوریت اب ٹریک پر آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور بلاول زرداری کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہمیں ملک نہ چلانے کا طعنہ دینے سے پہلے آصف زرداری سندھ پر نظر ڈالیں، سندھ میں کئی سالوں سے ان کی حکومت چلی آ رہی ہے، پیپلز پارٹی کے دور میں کراچی جیسا روشنیوں کا شہر کھنڈرات میں بدل گیا ہے، کرپشن اور اقربا پروری کی وجہ سے سندھ کے عوام 100 سال پیچھے رہ گئے ہیں جب تک بھٹو زندہ ہے کا نعرہ لگے گا سندھ یا سندھ کی عوام ترقی نہیں کرسکتے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ غربت بیروزگاری اور بدامنی نے سندھ میں رہنے والوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، تھر میں بچے بھوک اور پیاس سے مر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو جیل سے ڈرانے والے آصف علی زرداری کرپشن میں جیل جاتے رہے ہیں جبکہ عمران خان ملک سے کرپشن ختم کرنے کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہیں، دونوں بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو خطرہ ہے کہ اگر ادارے مضبوط ہوگئے اور کرپشن کے دروازے بند ہوگئے تو انکی سیاسی دکان ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیسوں کے زور پر اپنے لوگوں کو اسمبلیوں میں کیسے پہنچائیں گے، پاکستان تبدیل ہوگیا تو آصف علی زرداری جیسے لوگوں کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں ہو گی۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری مزید قوم کو گمراہ نہ کریں آئین میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی، تاہم اگر کرپشن کے خاتمہ کیلئے قانون کو مزید موثر کرنا پڑا تو کریں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 765517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش