0
Monday 24 Dec 2018 22:23

مقبوضہ کشمیر میں آپریشن آل آوٹ منصوبہ بند سازش ہے، جمعیت اہلحدیث کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں آپریشن آل آوٹ منصوبہ بند سازش ہے، جمعیت اہلحدیث کشمیر
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ نے کہا ہے کہ ’’آپریشن آل آوٹ‘‘ کشمیری عوام کے خلاف ایک منصوبہ بند سازش ہے اور نوجوانوں کا بے رحمانہ صفایا پست ذہنیت کا عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تصفیہ کے لئے بھارت، پاکستان اور کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں کو پیش رفت کرنی چاہیئے۔ سرینگر میں جمعیت اہلحدیث کے شورٰی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’آپریشن آل آوٹ پست ذہنیت کا عکاسی اور نوجوانوں کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے اور ایک مختصر مدت میں چار سو سے زیادہ نوجوانوں کی ہلاکت یقیناً ایک لمحہ فکریہ ہے‘‘۔

انہوں نے کہا ’’شہر و دیہات میں قتل و غارت گری، نامعلوم ہلاکتوں، نوجوانوں کی گرفتاریوں، مزاحمتی قائدین و کارکنوں کی نظربندیوں اور مختلف ایجنسیوں کی طرف سے ہراساں کرنے کی کارروائی کو روکنے کے لئے سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے سارے متعلقین بشمول کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں سے اس مسئلے کے دائمی تصفیہ کے لئے آگے آنے پر زور دیا تاکہ اَنارکی اور خوف و ہراس کی اس سیاہ رات کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ہلاکتوں کو روکنے کے لئے منظم پروگرام تشکیل دینے کے حوالے سے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے انہیں ایک مکتوب موصول ہوا تھا، تاہم اس پر ابھی بات نہیں ہوئی۔

اس موقعہ پر جموں و کشمیر جمعیت اہلحدیث کے جنرل سکیرٹری ڈاکٹر عبدالطیف الکندی نے ٹرانس ورلڈ مسلم یونیورسٹی کا مسئلہ پوری شدت کے ساتھ اُٹھایا اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو فی الفور دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث لداخ میں یونیورسٹی قائم کرنے کے خلاف نہیں ہے، تاہم ٹرانس ورلڈ مسلم یونیورسٹی کو سردخانے کی نذر کرنا انصاف نہیں ہے۔ عبدالطیف الکندی نے رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے بلائی گئی بین الاقوامی اتحاد امت کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے اور انتشار و افتراق کے اسباب کے خاتمے کے لئے بلائی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 768442
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش