0
Friday 28 Dec 2018 11:21

لاہور، دھند کے باعث 8 گاڑیاں ٹکرا گئیں، 4 افراد جاں بحق، 30 زخمی

لاہور، دھند کے باعث 8 گاڑیاں ٹکرا گئیں، 4 افراد جاں بحق، 30 زخمی
اسلام ٹائمز۔ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے، بائی پاس پر دھند کے باعث 8 گاڑیاں ٹکرا گئیں، حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق، بائی پاس پر دھند کے باعث 8 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں 3 بچیوں سمیت 4 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ ہسپتال حکام کا کہنا ہے کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، حادثے میں جاں بحق بچیوں کا تعلق چیچہ وطنی سے بتایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں اوکاڑہ میں بھی سات گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے خوفناک حادثہ پیش آیا، جس میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں دو بچے اور دو خواتین شامل ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے  مطابق40 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور موٹروے کو ٹریفک کیلئے کھولا جارہا ہے۔ اوچ شریف میں بھی دھند کے باعث موٹر سائیکل اور رکشہ میں تصادم ہوا ہے، جس کے سبب تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ نواحی علاقے موضع رسول پور بختیاری روڈ پر ہوا ہے۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق ایم ون پشاور سے برھان انٹر چینج تک بند ہے، ایم ٹو، کلر کہار، بھیرہ، سالم، کوٹمومن،  اور لاھور تک بند ہے جبکہ ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند ہے۔ موٹر وے پولیس نے آگاہ کیا ہے کہ ایم فور فیصل آباد سے گوجرہ، خانیوال سے ملتان شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔

دھند کے باعث اندرون اور بیرون ممالک جانے، آنے والی پروازیں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا، قومی شاہراہ پر پتوکی، حبیبِ آباد، رینالہ، اوکاڑہ اور ساہیوال میں حد نگاہ صفر سے 50 میٹر رہی۔ ایم فور پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ شدید دھند کی وجہ سے بند رہی، شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ون، پشاور سے رشکئی تک بند کر دی گئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے دوران سفر گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آئندہ ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں، ملک میں گذشتہ روز سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 13، قلات منفی 11 کالام اور استور منفی 08، گلگت منفی 06، کوئٹہ، راولاکوٹ منفی07، مالم جبہ، دیر، بگروٹ منفی 04، ہنزہ، چترال منفی 03، مری منفی 03 اسلام آباد منفی1، لاہور 02 جبکہ کراچی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
 
خبر کا کوڈ : 768996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش