0
Saturday 5 Jan 2019 20:30

عمران خان صوبہ جنوبی پنجاب بنائیں، پارلیمنٹ میں انکی حمایت کرینگے، یوسف رضا گیلانی

عمران خان صوبہ جنوبی پنجاب بنائیں، پارلیمنٹ میں انکی حمایت کرینگے، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے ہم نے قانون سازی کرلی تھی، لیکن قومی اسمبلی میں اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے دور میں جنوبی پنجاب صوبہ بنتے بنتے رہ گیا، ہم عمران خان کو پیشکش کرتے ہیں کہ وہ صوبہ جنوبی پنجاب بنائیں، ہم پارلیمنٹ میں ان کی حمایت کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پیپلز میڈیا سیل میں پیپلز پارٹی کے بانی قائد سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے 91ویں یوم پیدائش کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے پیپلز میڈیا سیل میں سالگرہ کا کیک کاٹا اور پیپلز پارٹی کے بانی قائد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آصف زرداری اور میں نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا تھا، جنوبی پنجاب صوبہ ہم نے ناصرف بنانے کی بات کی، بلکہ ہم نے بنا لیا تھا، لیکن قومی اسمبلی میں ہمارے پاس اکثریت نہیں تھی، جس کی وجہ سے صوبہ نہیں بن سکا۔

یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم عمران خان کو پیشکش کی کہ وہ جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں، پارلیمنٹ میں جنوبی پنجاب صوبہ کے حق میں ووٹ دیں گے اور حکومتی اقدامات کی حمایت کریں گے، ہم آپکی حمایت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پہلے سو دنوں میں جو وعدے کئے تھے، وہ اب تک پورے نہیں ہوئے، دلی خواہش ہے کہ اپنا کام کریں اور عوام کو ریلیف دیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابی نتائج پر پیپلز پارٹی کو تحفظات تھے، پھر بھی ہم اسمبلیوں میں بیٹھے اور پارلیمنٹ کو اہمیت دی، میں نہیں سمجھتا کہ آصف علی زرداری وفاقی حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ماحول کو سازگار بنانے کی ذمہ داری وزیراعظم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے جب 73ء کا آئین دیا، تب مشرقی پاکستان جدا ہو چکا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی ڈیل نہیں کی، عدالتوں کا سامنا کیا ہے، ہم کسی این آر او کا حصہ نہیں ہیں۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دنیا آج بھی مانتی ہے کہ بھٹو صاحب کا عدالتی قتل ہوا، لوگ انصاف کی توقع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے احتساب اور انتقام میں معمولی فرق ہے، پی پی قیادت ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو سے آصف علی زرداری تک سب عدالتوں کا سامنا کرتے رہے ہیں میرے اوپر نیب کا کیس آڈٹ پیرا پر بنا تھا، نیب قانون کے تحت میں نے 5 سال جیل کاٹی ہے، ہم عدالتوں سے بھاگنے والے نہیں، عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، مقدمات کا سامنا کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں کسی سیاسی مشن پر نہیں ہوں اور میری پیر پگارا سے ملاقات نہیں ہوئی ہے، جے آئی ٹی کا جو میٹر ہے، وہ جوڈیشری نے قائم کیا ہے، ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے، شہید بے نظیر بھٹو کو بھی آج تک انصاف نہیں ملا، اس لیے کہ ہمارے احتساب کے عمل میں شفافیت نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 770426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش