0
Monday 7 Jan 2019 08:35

فرانس میں حکومتی ترجمان کے دفتر پر حملہ

فرانس میں حکومتی ترجمان کے دفتر پر حملہ
اسلام ٹائمز۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے اور صدر ایمانوئیل میکرون کے استعفیٰ کے مطالبے کے تحت ‘یلو ویسٹ‘ تحریک کے حالیہ مظاہرے میں مظاہرین نے حکومتی ترجمان کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘ اے ایف پی‘ کے مطابق گزشتہ روز فرانس کے مختلف شہروں میں یلو ویسٹ مظاہرین نے پرتشدد مظاہرے کیے جو پولیس سے جھڑپ کی صورت اختیار کر گئے اسی دوران مظاہرین نے لفٹر ٹرک کی مدد سے حکومتی ترجمان کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔ حکومتی ترجمان بینجمن گریویکس نے بتایا کہ مظاہرین کی ایک بڑی تعداد دروازہ توڑ کر وزارت کے کمپاؤنڈ میں داخل ہوئی تھی، انہوں نے اس حملے کو ’ملک پر ناقابل قبول حملہ‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یلو ویسٹ کے مظاہرین اور سیاہ لباس میں ملبوس دیگر افراد نے لفٹر ٹرک کا استعمال کرکے داخلی دروازہ توڑا تھا‘۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مظاہرین نے 2 گاڑیوں اور کھڑکیوں کے شیشے توڑے اور فرار ہو گئے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مظاہرین کو پہچاننے کی کوشش کی کر رہی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 5 جنوری کو ہونے والے مظاہرے میں 50 ہزار افراد شریک تھے جبکہ اس سے قبل 29 دسمبر کو ہفتے کے روز کیے گئے کئی مظاہروں کے بعد تحریک کمزور پڑنے کی وجہ سے 32 ہزار افراد شریک ہوئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ صرف پیرس میں ساڑھے 3 ہزار افراد نے مظاہرہ کیا جو کہ گزشتہ ہفتے مظاہرے میں شریک 8 سو افراد کے مقابلے سے کئی گنا زیادہ تھے۔

دوسری جانب فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے ٹوئٹ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ’ ری پبلک، اس کے سرپرست، اس کے نمائندگان کے خلاف یہ شدید تشدد ہے‘۔
خیال رہے کہ حکومتی ترجمان نے حملے سے ایک روز قبل یلو ویسٹ تحریک پر تنقید کرتے ہوئے مظاہروں میں شرکت کرنے والے افراد کو حکومت کا تختہ الٹنے کے موقع کی تلاش کرنے والوں کا آلہ کار قرار دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 770645
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش