0
Monday 7 Jan 2019 15:10

ہم نئی ایم کیو ایم بنائیں گے، متحدہ قومی کونسل بنانے کا جلد اعلان کروں گا، فاروق ستار

ہم نئی ایم کیو ایم بنائیں گے، متحدہ قومی کونسل بنانے کا جلد اعلان کروں گا، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی کاؤنسل بنانے کا بہت جلد اعلان کروں گا۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ انہیں مقدمات کی تاریخیں مل رہی ہیں لیکن کیس نہیں چل رہا، چاہے جتنے سیاسی مقدمات بنائیں لیکن ان کو چلایا جائے، جس طرح عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی اس سے بانی ایم کیو ایم کی سیاست کو دوبارہ پھلنے پھولنے کا موقع ملے گا، ادارے فیصلہ کر لیں اس طرز عمل سے کیا بانی ایم کیو ایم کو واپسی دوبارہ لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل سے خوف و ہراس پیدا کیا گیا، ہمیں قانون نافذ کرنے والے ادارے آمدورفت سے منع کرتے ہیں، حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں کی ذمہ داری یہاں پوری نہیں ہوتی، سیاسی لیڈر گھر میں کیسے بیٹھ سکتا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکومت میں آتے ہی کراچی کو نظر انداز کیا جارہا ہے، ایک بات یاد رکھیں کراچی چلتا ہے تو ملک چلتا ہے، کراچی بیٹھ گیا تو معیشت بیٹھ جائے گی، عمران خان سے کہتا ہوں کراچی سمیت پورے سندھ کو دیکھیں، کراچی میں بجلی پانی ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کریں، کراچی کو چھوڑ کر پورے پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ ہے۔
 
سابق رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کس کو خوش کر رہے ہیں مجھے نہیں معلوم، وہ زمین پر خدا بن کر لوگوں کا نقصان کر رہے ہیں، میئر وسیم اختر کو عامر خان، کنور نوید اور خالد مقبول صدیقی روکیں، ایم کیو ایم کے بچے کچے ووٹ بینک کو بھی تباہ کیا جارہا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہم ایک نئی ایم کیو ایم بنائیں گے، متحدہ قومی کاؤنسل بنانے کا بہت جلد اعلان کروں گا، جس میں ملک کی تمام اکائیوں کو ساتھ ملائیں گے، اس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 770723
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش