0
Monday 7 Jan 2019 18:01

امریکا کی فوجیوں کے انخلاء سے قبل اسرائیل کو تحفظ کی یقین دہانی

امریکا کی فوجیوں کے انخلاء سے قبل اسرائیل کو تحفظ کی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ امریکا نے کہا ہے کہ شام سے اپنی فوجیں واپس بلانے سے قبل اسرائیل کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے اسرائیل کو اپنی حمایت کا مکمل یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کے شام سے انخلاء میں اسرائیل کی سکیورٹی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ مشیر قومی سلامتی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام سے امریکی فوجیوں کا انخلاء داعش کے مکمل خاتمے اور دوبارہ سر نہ اُٹھانے کی ضمانت پر ہو گا۔ جان بولٹن کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کو غیر محفوظ حالت میں چھوڑ کر شام سے نہیں جائے گا۔ اسرائیل اور کرد جنگجوؤں کے مکمل تحفظ کا انتظام کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ جان بولٹن نے مزید کہا کہ کرد جنگجو شام میں امریکی حمایت یافتہ فورس کا حصہ تھے اس لیے انخلاء سے قبل ترکی کو داعش کے خلاف برسر پیکار کرد جنگجوؤں کے تحفظ کی بھی ضمانت دینا ہو گی، جنہیں امریکا کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن چار روزہ دورے پر تل ابیب پہنچے، جہاں سے وہ ترکی کے لیے روانہ ہوں گے۔ دورے کا مقصد شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء پر حکمت عملی طے کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 770770
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش