0
Thursday 10 Jan 2019 12:09

صحافی برادری کی بے چینی کے نتائج خطرناک ہونگے، سردار حسین بابک

صحافی برادری کی بے چینی کے نتائج خطرناک ہونگے، سردار حسین بابک
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے صحافیوں کے معاشی قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر صحافیوں کو صحافتی اداروں سے نکالنا باعث افسوس ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کی حکومت میں دیگر شعبوں کی طرح صحافیوں کو بے روزگار کرنے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے اور آئے روز سینئر ترین صحافیوں کو بغیر کوئی وجہ بتائے بے روزگار کیا جا رہا ہے۔ سردار حسین بابک کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں صحافیوں کو تحفظ نہ ہونے کے ساتھ ساتھ اب ان کا روزگار بھی خطرے میں پڑ چکا ہے، حکومتوں کی غیر سنجیدگی نے قلم کاروں کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے، حکمرانوں کو چاہیئے کہ اشاعتی اداروں کو صحافیوں کو بے روزگار کرنے کے نتائج سے بھی آگاہ کریں۔ اے این پی کے صوبائی سیکرٹری جنرل نے سوال اٹھایا کہ ملک کے طول وعرض میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے کارکنوں کو فارغ کرکے کیا پیغام دیا جا رہا ہے؟ سردار بابک نے کہا کہ صحافی برادری کی بے چینی کے نتائج خطرناک ہونگے اور حکومت کو فوری طور پر اس اہم مسئلہ کا نوٹس لینا چاہیئے تاکہ صحافیوں کے بچوں سے نوالہ چھیننے کی روش سے باز رہا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مرکزی و صوبائی سطح پر قانون سازی کے ذریعے صحافیوں کے روزگار کا تحفظ ہونا چاہیئے اور انہیں ان کی اہلیت اور تجربے کی بنیاد پر صلہ ملنا چاہیئے۔ سردار بابک کے مطابق اے این پی اس مشکل گھڑی میں صحافی برادری کے ساتھ ہے اور ہر فورم پر ان کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 771276
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش