0
Monday 6 Jun 2011 23:48

امریکہ کیخلاف جہاد کے نام پر بےگناہ پاکستانیوں کا خون بہانا ظلم ہے، صاحبزادہ فضل کریم

امریکہ کیخلاف جہاد کے نام پر بےگناہ پاکستانیوں کا خون بہانا ظلم ہے، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ امریکہ کیخلاف جہاد کے نام پر بےگناہ پاکستانیوں کا خون بہانا ظلم ہے۔ حکمرانوں کی امریکہ نواز پالیسیوں کے ردعمل میں غریب عوام کی جانوں سے کھیلنے والے اسلام کے ہیرو نہیں باغی ہیں، جن کی وجہ سے اسلام اور مسلمان بدنام ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا اعلان کرنے والے انجمن طلباء اسلام کے سابق رہنماﺅں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ خودکش حملوں کو ڈرون حملوں کا جواب قرار دینے والے آدھا سچ بولتے ہیں۔ ڈرون حملوں میں غریب عوام کا کوئی ہاتھ نہیں، اس لیے حکمرانوں کی امریکہ نوازی کی سزا عوام کو دینا انصاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کرنے اور پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر قبضے کی سازشیں تیز ہو چکی ہیں اس لیے محب وطن طبقے کو ملکی حالات سے لاتعلقی اور بیزاری کا رویہ ترک کرنا ہو گا تاکہ ملک سے غداری کرنیوالے میرجعفروں اور میرصادقوں کا گھیراﺅ کیا جا سکے اور پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور آزادی کی دشمن طاقتوں کے عزائم ناکام بنائے جا سکیں۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ انقلاب نظام مصطفٰی کی حامی قوتوں کو متحد اور متحرک کرنے کی کوششیں رنگ لائیں گی اور انقلاب نظام مصطفٰی ملک و قوم کا مقدر بنے گا، جس کے نتیجے میں نظام زر و ظلم کا خاتمہ ہو گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کے مقدمات کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا جائے اور دہشت گردوں کیخلاف چالان تیار کرنیوالوں اور مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کسی دہشت گرد کو سزا نہ ملنا المیہ ہے۔ سنی اتحاد کونسل میں اے ٹی آئی کے جن سابق طالبعلم رہنماﺅں نے شمولیت کا اعلان کیا ان میں ملک نعیم شہباز اعوان، راجہ اظہر عباس، میاں افتخار احمد رضا، میاں فہیم احمد، چوہدری محمد اکبر، قاضی طاہر مسعود ایڈووکیٹ، سید قیصر عباس شاہ، حافظ محمد یعقوب فریدی، محمد عباس مغل، خواجہ مزمل، چوہدری احسان گورائیہ اور دیگر شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 77196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش