0
Thursday 17 Jan 2019 18:37

فوجی عدالتوں کے قیام سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملی، طاہر اشرفی

فوجی عدالتوں کے قیام سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملی، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ امیر معاویہ ساہیوال میں علماء و مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ  فوجی عدالتوں کے قیام سے دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے میں مدد ملی ہے، عدالتی نظام میں اصلاحات سے قبل فوجی عدالتوں کو ختم نہیں کیا جانا چاہیے، 70 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے قاتلوں کو انجام تک پہنچانے کیلئے فوجی عدالتوں کا قیام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس عربیہ ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، مدارس کی رجسٹریشن اور دیگر مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت ؐ کا ہر مسلمان محافظ ہے، اعلان اسلام آباد انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کو قانونی شکل دینے کیلئے مشاورتی عمل شروع کیا جائے، 03 مارچ کو چوتھی عالمی پیغام اسلام کانفرنس کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہو گی، جس سے عالم اسلام کے اہم قائدین خطاب کریں گے اور عالم اسلام کی صورتحال کے بارے میں اہم لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا، ملک بھر میں پیغام اسلام علماء و مشائخ کنونشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور فوج نے انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور 2019ء دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے مکمل خاتمے کا سال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے مسائل اور مصائب کی وجہ وحدت نہ ہونا ہے، وحدت امت کی اساس عقیدہ توحید رسالت و ختم نبوت، اصحاب رسول ؐ و اہل بیتؓ کی محبت اور ارض حرمین شریفین کا دفاع اور استحکام ہے، پاکستان علماء کونسل نے ہمیشہ اتحاد امت کیلئے جدوجہد کی ہے اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنیوالے فتنوں کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پیغام اسلام علماء و مشائخ کنونشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے اور 03مارچ کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پانچ ہزار سے زائد علماء و مشائخ جمع ہو کر دہشتگردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کی وحدت و اتحاد کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، چوتھی عالمی پیغام اسلام کانفرنس میں عالم اسلام کے اہم قائدین شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان مختلف مکاتب فکر کی قیادت کی طرف سے ایک متفقہ بیانیہ ہے جس پر مشاورتی عمل کا آغاز فوری کیا جائے اور اسے قانونی شکل دی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت و رسالت ؐ کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، کسی بھی حکومت میں اتنی طاقت نہیں کہ وہ آئین پاکستان کیخلاف اقدامات اٹھائے، پاکستان علماء کونسل موجودہ حکومت کے اچھے کاموں کی معاون اور غیر آئینی اور غیر شرعی امور میں محاسب کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، مہنگائی پر کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
خبر کا کوڈ : 772636
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش