0
Thursday 31 Jan 2019 19:24

پاراچنار، عمائدین کا ٹیکسی ڈرائیور کے قتل پر احتجاج، قاتلوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ

پاراچنار، عمائدین کا ٹیکسی ڈرائیور کے قتل پر احتجاج، قاتلوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ پاراچنار کے قبائلی عمائدین اور سول سوسائٹی نے کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے ٹیکسی ڈرائیور کے قتل پر احتجاج کرتے ہوئے قاتلوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاراچنار کے طوری بنگش قبائل کے رہنما حاجی سردار حسین کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں انجمن حسینیہ، تحریک حسینی، قبائلی عمائدین اور مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے حصہ لیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حاجی سردار حسین، منصب بنگش اور دیگر عمائدین نے کہا کہ کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے بے گناہ ٹیکسی ڈرائیور انصار اللہ کا قتل افسوس ناک واقعہ ہے، جسے اسلام آباد سے ضلع کرم لاکر شہید آباد میں قتل کیا گیا۔ رہنماؤں نے قتل میں ملوث دو قاتلوں کی فوری طور گرفتاری پر مقامی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ گرفتار قاتلوں کو پھانسی دیکر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں، تاکہ آئیندہ کیلئے پاراچنار کے پرامن فضا میں اس قسم اقدام کی کوئی جرات نہ کرسکے۔ عمائدین نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ تحریک حسینی کے رہنما علامہ یوسف حسین، نسیم یوسف ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین یوسف لالا، انسانی حقوق کمیشن کے کوآرڈینیٹر صابر بنگش اور دیگر عمائدین اور علماء نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری طور پر پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 775371
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش