0
Thursday 7 Feb 2019 13:03

مردان، ملک کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج تنذلی کا شکار

مردان، ملک کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج تنذلی کا شکار
اسلام ٹائمز۔ ملک کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج خیبر پختونخوا حکومت کیلئے رات گئی بات گئی بن گیا ہے۔ مردان میں ملک کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج اپنی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے عارضی طور پر گرلز کامرس کالج میں قائم ہے، اس کالج میں اب تیسرے بیچ میں 120 کی بجاے صرف 36 طالبات کو داخلہ دیا جائے گا۔ کالج کے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس لحاظ علی کے مطابق جگہ نہ ہونے اور فنڈز کی کمی کی وجہ سے کالج اپنے اصل شکل میں سامنے نہیں آ سکا ہے۔

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت نے ملک کی تاریخ کا پہلا اور واحد کیڈٹ کالج مردان میں قائم کیا، سابق صوبائی حکومت نے اسے ایک انقلابی کارنامہ قرار دیا تھا۔ گرلز کامرس کالج کی بلڈنگ عارضی طور پر خالی کرا کر اس میں کیڈٹ کالج کی تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا۔ صوبائی حکومت نے تخت بھائی میں محکمہ زراعت کی 240 کنال اراضی حاصل کرکے کالج کی عمارت کی تعمیر کیلئے 2 ارب 39 کروڑ روپے جبکہ کالج میں تعلیمی سرگرمیوں کیلئے 30 کروڑ روپے بھی جاری کئے۔

حکومت کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ کالج کی عمارت 2 برسوں میں مکمل کی جائے گی مگر اب تک اس عمارت کی بیرونی دیوار تک مکمل نہیں کی جاسکی ہے جس کے بارے میں محکمہ حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے کام سست روی کا شکار ہے۔ وزیراعلٰی خیبر پختوںخوا جو کالج هذا کے بورڈ اف ڈائریکٹر کے چیئرمین بھی ہیں۔ اپنے 6 ماہ کے جاری اقتدار میں ابھی تک ایک اجلاس تک بھی منعقد نہیں کیا ہے۔

2017ء میں گرلز کیڈٹ کالج کے پہلے بیچ میں داخلے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں ملک بھر سے طالبات نے انٹری ٹیسٹ دیا جس میں 120 طالبات کو داخلہ دیا گیا۔ اس طرح 2018ء میں بھی اسی طریقہ کار کے مطابق 120 طالبات کو داخلہ دیا گیا مگر امسال 2019ء کے تیسرے بیچ میں ان کی تعداد کم کرکے صرف 36 کر دی گئی ہے اور فیس بھی بڑھا کر سہہ ماہی فیس 75 ہزار فی طالبہ رکھی گئی ہے۔

کالج کے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس لحاظ علی کے مطابق کالج میں جگہ نا ہونے کی وجہ سے امسال 36 طالبات کی داخلہ دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 776667
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش