0
Thursday 7 Feb 2019 19:03

حویلیاں طیارہ حادثہ کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اپریل کے پہلے ہفتے میں انکوائری رپورٹ جمع کرانیکا حکم

حویلیاں طیارہ حادثہ کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اپریل کے پہلے ہفتے میں انکوائری رپورٹ جمع کرانیکا حکم
اسلام ٹائمز۔ حویلیاں طیارہ حادثہ کیس میں انکوائری مکمل نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس پر عدالت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی مزید 8 ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اپریل کے پہلے ہفتے میں انکوائری رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں حویلیاں طیارہ حادثہ کیس سے متعلق سماعت ہوئی، سماعت میں حادثے کو 26 ماہ گزرنے کے بعد بھی انکوائری مکمل نہ ہونے کا انکشاف ہوا، جس کے بعد انکوائری مکمل کرنے کیلئے مزید 8 ماہ کا وقت مانگ لیا گیا۔ عدالت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی مزید 8 ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اپریل کے پہلے ہفتے میں انکوائری رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے بتایا جہاز کے کچھ پرزے فرانس اور کچھ امریکی ساختہ تھے، غیر ملکی پرزے ہونے کے باعث انکوائری کو وقت لگ رہا ہے، انکوائری تاحال جاری ہے، مزید وقت درکار ہوگا۔ بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت اپریل کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

خیال رہے پائلٹ کی والدہ نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔ یاد رہے گذشتہ ماہ سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ نے حویلیاں طیارے حادثے کے دو سال بعد ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی تھی، جس میں سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ نے طیارے میں اہم تکنیکی خرابیوں کی نشاندہی کی۔ رپورٹ میں پی آئی اے کی انجینئرنگ کی غفلت و لاپرواہی ظاہر کی گئی جبکہ ایس آئی بی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انجن ساز کمپنی کی جانب سے ایس آئی بی کو حتمی رپورٹ پیش کردی ہے، ایس آئی بی اپنی مکمل رپورٹ تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کرے گا۔ واضح رہے 7 دسمبر 2016ء میں چترال سے اسلام آباد آنے والے طیارے کو حویلیاں کے قریب حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں معروف مبلغ جنید جمشید سمیت 47 مسافر شہید ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 776732
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش