0
Friday 15 Feb 2019 22:44

محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے عالم اسلام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، مفتی محمد نعیم

محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے عالم اسلام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، مفتی محمد نعیم
اسلام ٹائمز۔ معروف مذہبی اسکالر، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ پاک سعودیہ مضبوط تعلقات امت مسلمہ کیلئے اہمیت کے حامل ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے سے عالم اسلام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی کا تعلق قدیم اور لازوال ہے، معیشت کی بہتری کیلئے سعودی امداد مخلصانہ دوستی کا ثبوت ہے، سعودیہ اور پاکستان ایک دوسرے کی مشکل کے ساتھی ہیں۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی باہم رقابتوں اور دوریوں سے عالم اسلام کو نقصان پہنچا ہے، تمام مسلم حکمرانوں کو حرم کے سائے میں متحد ہوکر امت مسلمہ کے مسائل کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، مسلم ممالک کی باہم دوریوں کا فائدہ ہمیشہ اسلام دشمن قوتیں اٹھاتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک جب بھی ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں، دشمن قوتیں سبوتاژ کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے میں کوئی کسر باقی رہنے نہیں دیتیں، شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے پر تنقید بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

مفتی نعیم نے کہا کہ کچھ دشمن قوتیں چاہتی ہیں کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات میں خرابی پیدا کرکے پاکستان اور سعودی عرب کو تنہا کیا جائے تاکہ وہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں لیکن ہمیشہ وہ پاک سعودی مضبوط تعلقات کی وجہ سے ناکام ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودیہ کا ایمان کا رشتہ ہے، معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب کی پاکستان کو امداد مخلصانہ دوستی کا واضح ثبوت ہے، 1951ء سے لیکر آج تک مسئلہ کشمیر ہو یا زلزلہ و سیلاب ہر مشکل میں سعودی عرب نے بڑھ چڑھ کر مدد کی اور اسی طرح سعودی عرب کی ہر مشکل کا ساتھی پاکستان رہا ہے، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی وفد کے ہمراہ پاکستان آمد سے جہاں دشمنوں کے عزائم خاک میں مل جائیں گے وہیں پر دونوں ممالک کے باہم تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے اور مسلم ممالک کے اتحاد کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔
خبر کا کوڈ : 778203
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش