0
Saturday 16 Feb 2019 01:50

سعودی ولی عہد کے پروگرام میں تبدیلی،17 فروری کو پاکستان آئیں گے

سعودی ولی عہد کے پروگرام میں تبدیلی،17 فروری کو پاکستان آئیں گے
اسلام ٹائمز۔ سعودی ولی عہد کے پروگرام میں تبدیلی کی گئی ہے وہ اب 16 کے بجائے 17 سے 18 فروری تک پاکستان کے دورے پر ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 17 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے تاہم باقی پروگرام اسی طرح ہے ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ایئرپورٹ پر استقبال کرنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس لائیں گے جہاں سعودی ولی عہد کو گارڈ آف آنرپیش کیا جائے گا۔ وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی باضابطہ ملاقات ہوگی اور شام میں دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

سعودی ولی عہد کو وزیراعظم ہاؤس میں ہی عمران خان عشائیہ دیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور چیئر مین سینیٹ سے ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہی ہوگی جبکہ صدر عارف علوی 18 فروری کو سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ ایوان صدر کے ظہرانہ میں سعودی ولی عہد کا 100 رکنی وفد شریک ہوگا، ظہرانہ میں وزراء اور اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا۔ سعودی ولی عہد ایوان صدر سے ہی واپس ایئرپورٹ روانہ ہو جائیں گے۔ سعودی ولی عہد کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ٹرپل ون برگیڈ کے سپرد کردی گئی جبکہ پولیس کے علاوہ ٹرپل ون بریگیڈ کی نو بی این اور رینجرز کے تین ونگ جبکہ لائٹ کمانڈو بی این کی دو بٹالین تعینات کی جائیں گی۔

زرار اینٹی ٹیررسٹ یونٹ کی ایک بٹیالین، ائیر ڈیفنس کی ایک بیٹری فضائی نگرانی کرے گی، ایس ایل سی ٹو ریڈا دو مختلف مقامات پر نصب کئے جائیں گے، ایوی ایشن کے چھ عدد ایم آئی سترہ طیارے فضائی نگرانی کریں گے، انٹیلی جینس کی دو بٹالین جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 28 ٹیمیں کام کریں گی اور ایمبولینسز میڈیکل عملہ سمیت لگ بھگ بارہ ہزار افسران و جوان سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 778218
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش