0
Sunday 17 Feb 2019 19:46

پابندی ختم، دربار فرید 24 گھنٹے کھولنے کا اعلان، زائرین میں خوشی کی لہر

پابندی ختم، دربار فرید 24 گھنٹے کھولنے کا اعلان، زائرین میں خوشی کی لہر
اسلام ٹائمز۔ پیر آف کوٹ مٹھن شریف خواجہ محمد عامر فرید کوریجہ کے مطالبہ پر صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے دربار فرید کو 24 گھنٹے کھولنے کا اعلان کر دیا، تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اوقاف نے دربار فرید پر حاضری دی اور دربار فرید کے مسائل کا جائزہ لیا، اس موقع پر پیر آف کوٹ مٹھن شریف خواجہ محمد عامر فرید کوریجہ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چھ سالوں سے دربار فرید رات سات بجے بند کر دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے یہاں پر حاضری کیلئے ملک بھر سے آئے ہوئے زائرین بچے اور خواتین رات سڑکوں پر بسر کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ چھ سال قبل دہشت گردی کے پیش نظر پورے پنجاب میں درگاہیں رات کیلئے بند کر دی گئیں تھیں، تاہم بعدازاں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری، بابا فرید مسعود گنج شکر، حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانی اور حضرت شاہ رکن الدین عالم  کی درباریں رات کو کھول دی گئیں، مگر حضرت خواجہ غلام فریدِ کی دربار پر ابھی تک رات کی بندش ختم نہیں ہوئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے واضح ہدایت ہے کہ دربار حضرت بابا فرید مسعود گنج شکر اور حضرت خواجہ غلام فرید کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اعلان کرتا ہوں کہ دربار فرید پر رات کی بندش ختم کر دی جائے گی، دربار فرید 24 گھنٹے زائرین کیلئے کھلا رہے گا۔ اس موقع پیر آف کوٹ مٹھن شریف خواجہ محمد عامر فرید کوریجہ نے صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ کی دستار بندی کی اور دربار فرید کھولنے کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سرائیکی صوبہ محاذ کے چیئرمین خواجہ غلام فرید کوریجہ اور خواجہ راول معین کوریجہ بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 778385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش