0
Thursday 21 Feb 2019 20:07

سانحہ ساہیوال، جے آئی ٹی نے رپورٹ وزیراعلیٰ کو جمع کروا دی، خلیل کے اہلخانہ بیگناہ قرار

سانحہ ساہیوال، جے آئی ٹی نے رپورٹ وزیراعلیٰ کو جمع کروا دی، خلیل کے اہلخانہ بیگناہ قرار
اسلام ٹائمز۔ سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی رپورٹ مکمل کر کے وزیراعلیٰ پنجاب سردر عثمان بزدار کو جمع کروا دی گئی ہے۔ سانحے میں مارے جانیوالے مقتول خلیل اور اس کے اہلخانہ کو بیگناہ قرار دے دیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں زیرحراست 6 ملزم اہلکاروں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں تیرہ سالہ بچی سمیت چار افراد کے قتل پر بننے والی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ مرتب کرلی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں سی ٹی ڈی کو اختیارات سے تجاوز کا قصور وار قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں خلیل فیملی کو بیگناہ قرار دیا گیا ہے جبکہ ذیشان کو مشکوک سرگرمیوں ملوث قرار دیا گیا ہے۔ ذیشان کے فون پر مشکوک افراد سے رابطوں کے درجنوں پیغامات ملے ہیں۔

یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ذیشان کے بھائی احتشام نے مشکوک افراد کے گھر آنے کی تصدیق کی ہے۔ ذیشان مشکوک افراد کو گھر میں پناہ دیتا تھا۔ سی ٹی ڈی کو ملنے والی انٹیلی جنس رپورٹ بھی ذیشان سے متعلق تھی۔ کارروائی میں خلیل اور اس کے اہلخانہ کو بچایا جا سکتا تھا لیکن سی ٹی ڈی نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔ رپورٹ کے مطابق مقدمے میں زیرِ حراست 6 اہلکار ہی فائرنگ میں ملوث تھے، گاڑی کے اندر سے فائرنگ کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ دریں اثنا سانحہ ساہیوال کے مقدمے میں گرفتاہ شدہ 6 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 7 مارچ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 779298
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش