0
Friday 22 Feb 2019 20:11

پشاور ایئرپورٹ سے رات کی پروازیں بحال کردی گئیں

پشاور ایئرپورٹ سے رات کی پروازیں بحال کردی گئیں
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پشاور ایئرپورٹ سے نائٹ فلائٹس کا اجراء تبدیلی کی طرف نیا قدم ہے، پشاور ائیرپورٹ سے معطل پروازوں کی بحالی خصوصاً رات کی پروازوں کے اجراء سے ناصرف عوام کو سہولت ہوگی بلکہ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی، پی ٹی آئی عوامی تکالیف سے بےخبر حکمرانوں کے بنائے گئے مفاد پرستی پر مبنی نظام میں تبدیلی کیلئے گامزن ہے، ہمارے ملک پر ایسے حکمرانوں کی حکومت رہی، جنہوں نے عوام کی فکر نہیں کی، جب آئینی ادارے ان سے پوچ گچھ کرتے ہیں تو چیخنا شروع کرتے ہیں۔ پشاور سے متحدہ عرب امارات کے لئے پروازوں کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ عمران خان بیرون ملک روزگار کے حصول کے سلسلے میں پاکستانی عوام کے ساتھ گہری محبت رکھتے ہیں اور ان کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت بیرون ملک جانے والے مسافروں کی مشکلات سے آگاہ ہے اور وہ ہر میدان میں آپ کے ساتھ ہے۔ وزیراعلٰی محمود خان نے کہا کہ دہشتگردی کی وجہ سے ہمارے صوبے کے واحد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رات کی پروازیں بند کردی گئی تھی، طویل قربانیوں اور کوششوں کے بعد صوبے میں امن کی بحالی ممکن ہوئی، جس کی وجہ سے آج ہم نہ صرف معطل پروازوں کو بحال کرچکے ہیں، بلکہ رات کے وقت بھی پشاور ایئرپورٹ سے فلائٹس کی آمدورفت ممکن ہوئی ہے، پروازوں کی بحالی کا  کریڈٹ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائینز کو جاتا ہے، جس کیلئے ہم پی آئی اے کے مشکور ہیں۔ وزیراعلٰی خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوام نے عمران خان  کو الیکشن میں تبدیلی کیلئے ووٹ دیا تھا اور وہ اب عوام سے کئے گئے وعدوں کو بتدریج پورا کر رہے ہیں، پی ٹی آئی مفاد پرست حکمرانوں کے برعکس حقیقی معنوں میں عوام کی خوشحالی اور تبدیلی کیلئے کھڑی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کی فکر تک نہ کی اور اپنی جیبیں بھرتے رہے اور جب نیب ان کو پکڑتی ہے، تو وہ چیخیں مارتے ہیں، عوام دیکھیں ان لوگوں کے سیاست سے پہلے کتنے اثاثے تھے اور اب ان کے اثاثے کتنے ہیں؟ اب وہ جیلوں کی تکالیف بھی برداشت نہیں کرسکتے۔
خبر کا کوڈ : 779447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش