0
Friday 1 Mar 2019 12:52

افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی ریلی

افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی ریلی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے بھارتی دراندازی کے خلاف اور افواج پاکستان، مقبوضہ کشمیر کے عوام اور ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے زیرو پوائنٹ سے نیشنل پریس کلب تک عظیم الشان ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری پرویز اشرف نے کی۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سردار جاوید ایوب، اختر پرویز اعوان، گل نواز خالق ایڈووکیٹ، عزادار حسین کاظمی، سردار آصف ایڈووکیٹ، شگفتہ کاظمی، راجہ جمیل، ،سردار ببرک خان، عبدالشکور صدیق، آفتاب گیلانی، صوفی اصغر گجر، رب نواز طائر، چوہدری مراد علی،سردار آفاق، عامر بشیر انقلابی، ذوالفقار شاہ اور دیگر سینکڑوں جیالوں نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے پاک فوج زندہ باد، پاک فوج کی عظمت کو سلام، کشمیری عوام کو حق خودارادیت دیا جائے، مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اقوام متحدہ کردار ادا کرے کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی نیشنل پریس کلب پہنچ کر اجتماع کی شکل اختیار کر گئی ہے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی عوام پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے، ہمیں اپنی مسلح افواج ہر فخر ہے۔ بھارت سیز فائرلائن پر نہتے شہریوں کے خلاف بلااشتعال انگیز کارروائیاں بند کرے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر حل کرانے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر حملہ کرنے والے بھارتی طیاروں کو زمین بوس کر کے پاک فضائیہ نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن جان لیں کہ ان کا بھی ایسا ہی حشر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاک فوج ہماری عزت، وقار اور سلامتی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم بند کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اظہار رائے کا حق دیا جائے۔ پاکستان کمزور نہیں ائندہ بھی جارحیت کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

سابق وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے کہا کہ عوام امن و جنگ ہر قسم کے حالات میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، نریندر مودی جارحانہ اقدامات سے باز رہیں ورنہ تباہی بھارت کا مقدر بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھارتی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو سکتا۔ ممبر کشمیر کونسل اختر پرویز اعوان نے کہا کہ بھارتی حکومت نے تحریک آزادی کو کچلنے کے لئے مقبوضہ وادی میں کرفیو اور قتل عام سمیت تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے، پیلٹ گنوں سے اگرچہ سینکڑوں کشمیریوں کوب ینائی سے محروم کر دیا گیا لیکن ان کی آنکھیں آج بھی آزادی کا سورج طلوع ہوتے دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و بربریت اب ڈھکی چھپی نہیں رہی، جلد ہی کشمیریوں کو بھارتی قبضے سے نجات ملے گی۔ ریلی کے اختتام پر صاحبزادہ فضل رسول نے پاک افواج کے شہید جوانوں، مقبوضہ کشمیر اور سیز فائر لائن پر شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور پاک فوج کی کامیابی کیلیے دعا کرائی۔
خبر کا کوڈ : 780675
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش