0
Saturday 23 Mar 2019 20:40

وفاق المدارس العربیہ کے رہنمائوں کی مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے کی مذمت

وفاق المدارس العربیہ کے رہنمائوں کی مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ بین الاقوامی اسکالر اور ریٹائرڈ جسٹس شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی پر قاتلانہ حملہ بدترین دہشت گردی اور ملک دشمنی ہے۔ حملہ آور اسلام اور پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے تھے، لیکن اللہ تعالیٰ نے انہیں ناکام و نامراد کیا اور مفتی تقی عثمانی محفوظ رہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان جنوبی پنجاب کے ناظم و مہتمم جامعہ فاروقیہ شجاع آباد مولانا زبیر احمد صدیقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک خصوصاً کراچی کو ایک بار پھر آگ و خون میں دھکیلنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا مفتی محمد تقی عثمانی عالم اسلام کے سرمایہ ہیں۔

اُنہیں دنیا بھر کے مسلمان عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ان کی اسلامی بینکاری سے متعلق فکر سے دنیا بھر کے لوگ روشنی حاصل کر رہے ہیں، وہ ایک غیر فرقہ وارانہ، معتدل مزاج، تحقیق و تصنیف و تدریس کا مزاج رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی متعدد ممالک کی فقہی کمیٹیوں کے ممبر اور سربراہ ہیں، ان کی جان کو شدید خطرات لاحق تھے، اس کے باوجود کچھ عرصہ قبل ان کی سکیورٹی واپس لے لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو تلاش کرکے بے نقاب کرنا، نیز علمائے کرام کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم مفتی تقی عثمانی کی سلامتی اور محافظین کی شہادت پر بلندی درجات کے لیے دعاگو ہے۔
خبر کا کوڈ : 784848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش